• news

الیکشن کسی صورت ملتوی نہیں ہونے دینگے : سپریم کورٹ

اسلام آباد (نمائندہ نوائے وقت) سپریم کورٹ آف پاکستان میں مختلف انتخابی عذرداریوں سے متعلق مقدمات کی سماعت، عدالت نے پنجاب اسمبلی کے حلقہ پی پی 275 کے امیدوار اللہ وسایا کو الیکشن لڑنے کے لئے نااہل قرار دے دیااور حلقہ پی پی 105 سے پیپلز پارٹی کے امیدوار رانا فاروق کیخلاف درخواست خارج کر دی، عدالت نے حلقہ این اے 125 لاہور سے آزاد امیدوار ملک راحیل وسیم کو نادہندہ ہونے کی بنےاد پر الیکشن سے آﺅٹ کرتے ہوئے درخواست خارج کردی۔ الیکشن مقدمات کی سماعت کے دوران جسٹس اعجاز الاحسن نے ریمارکس دیئے ہیں کہ یہ بات ذہن سے نکال دیں کہ الیکشن ملتوی ہو گا، الیکشن کسی صورت ملتوی نہیں ہونے دینگے۔ جسٹس عظمت سعید شیخ کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے کیس کی سماعت کی، عدالت نے حلقہ پی پی 105 سے پیپلز پارٹی کے امیدوار رانا فاروق کیخلاف درخواست خارج کر دی، رانا فاروق سعید کیخلاف بابا صوفی محمد اقبال نے اعتراضات اٹھا تے ہوئے کہا تھا کہ رانا فاروق 920 کنال کا لینڈ ڈیفالٹر ہے تا ہم الیکشن ٹریبونل اور ہائیکورٹ نے اعتراضات مسترد کئے تھے، عدالت نے کہا کہ انتخابات کے بعد کسی بھی فورم سے رجوع کر سکتے ہیں۔ دریں اثنا عدالت نے پنجاب اسمبلی کے حلقہ پی پی 275 کے امیدوار اللہ وسایا کو الیکشن لڑنے کے لئے نااہل قرار دے دیا جسٹس عظمت سعید شیخ نے کہا کہ الیکشن میں کچھ دن رہے گئے ہیں ، آپ آئیندہ الیکشن لڑ لینا ، جسٹس اعجاز الاحسن نے کہا کہ سپریم کورٹ اللہ وسایا کے پہلے ہی نااہل قرار دے چکی،اللہ وسایا کہ ڈگری سپریم کورٹ نے جعلی قرار دی تھی۔اللہ وسایا کہ وکیل نے سوموار تک مہلت ما نگی۔ جسٹس شیخ عظمت سعید نے کہا الیکشن میں وقت بہت کم ہے، التوا نہیں دے سکتے۔ فاضل وکیل نے کہا کہ حلقہ میں الیکشن ملتوی بھی ہو سکتا ہے، جسٹس اعجاز الاحسن نے کہا کہ الیکشن کسی صورت ملتوی نہیں ہونے دینگے۔ یہ بات اپنے ذہن سے نکال دیں کہ الیکشن ملتوی ہوگا۔عدالت نے لاہور ہائیکور ٹ کا فیصلہ برقرار رکھتے ہوئے درخواست خارج کر دی۔ عدالت نے حلقہ این اے 125 لاہور سے آزاد امیدوار ملک راحیل وسیم کو ناد ہندہ ہونے پرالیکشن سے با ہر کر دیا ، ملک راحیل نے عدالت کو بتایا کہ پی ٹی سی ایل کے سات ہزار روپے کا نادہندہ تھا، جرمانے کیساتھ رقم سترہ ہزار ہو چکی ہے۔تمام رقم جمع کروا چکا ہوں۔ جسٹس اعجاز الاحسن نے کہاالیکشن میں دو دن رہ گئے اب کچھ نہیں ہو سکتا۔جسٹس عظمت سعید نے کہا کہ اچھا نہیں لگتا کسی کو الیکشن لڑنے سے روکا جائے لیکن ہماری مجبوری ہے کہ قانون تبدیل نہیں کر سکتے، آپ نے واجبات ادا کرنے میں بہت دیرکردی ہے۔ دریں اثنا عدالت نے این اے 227 تین سے امیدوار صاحبزادہ شبیر حسین کو عام انتخابات میں حصہ لینے کیلئے نااہل قرار دے دیا۔ جسٹس شیخ عظمت سعید نے کہا کہ اب انتخاب نہیں روک سکتے بیلٹ پیپرز چھپ چکے ہیں،عدالت نے امیدواروں کو فریق بنانے کی درخواست پر سماعت غیر معینہ مدت تک ملتوی کر دی۔
سپریم کورٹ

ای پیپر-دی نیشن