عابد باکسر کی 8فوجداری، 2دیوانی مقدمات میں عبوری ضمانت
لاہور (اپنے نامہ نگار سے) سیشن کورٹ اور سول عدالتوں نے عابد باکسر کے خلاف 8فوجداری اور 2 دیوانی مقدمات میں عبوری ضمانت منظور کرتے ہوئے مچلکے جمع کرانے کا حکم جاری کردیا۔ عابد باکسر اپنے خلاف مقدمات میں عبوری ضمانت کےلئے سیشن عدالت میں پہنچے اور عدالتوں میں پیش ہوکر مختلف مقدمات میں ضمانت کرائی۔ عابد باکسر ذاتی سکیورٹی گارڈز اور اپنے وکلاءکی ٹیم کے ساتھ پیش ہوئے۔ ایڈیشنل سیشن جج شاہد منیر، ایڈیشنل سیشن جج سجاول خان، ایڈیشنل سیشن جج سمیرا اعجاز چیمہ اور ایڈیشنل سیشن جج رحمت علی کی عدالتوں سے عابد باکسر کی ضمانتیں منظور ہوئیں۔ عابد باکسر کی 1,1لاکھ مچلکوں کے عوض 4اگست تک عبوری ضمانتیں منظور ہوئی۔ سیشن کورٹ کے بعد عابد باکسر کی سول کورٹ سے بھی جعلی کاغذات کے مقدمے میں ضمانت منظور ہوئی۔ عدالت نے 50،50ہزار مچلکوں کے عوض ضمانت منظور کی۔ یاد رہے عابد باکسر جعلی پولیس مقابلوں کے ماسٹر مائنڈ کے طور پر مشہور ہے۔ مقامی عدالت نے جعلی پولیس مقابلوں کے ماسٹر مائنڈ عابد باکسر کی مختلف سنگین مقدمات میں عبوری ضمانت منظور کر لی۔ وکیل کے مطابق عابد باکسر پر قتل، اغوا اور دیگر الزامات میں بے بنیاد مقدمات درج کیے گئے ہیں جن کا مقصد درخواست گزار کو انتقامی کارروائی کا نشانہ بنانا ہے۔ میڈیا سے گفتگو میں عابد باکسر نے کیا کہ وہ اپنے ملک واپس آکر بہت خوش ہیں اور اعلان کیا کہ بہت سے رازوں سے پردہ اٹھاﺅں گا۔ درخواست ضمانت پر مزید کارروائی 4 اگست کو ہوگی۔ عابد باکسر نے کہا شہباز شریف نے اسے جھوٹے مقدمات میں ملوث کرایا ہے۔ مجھے میرے بچوں سے 11سال دور رکھا گیا تھوڑا وقت دیں تمام حقائق سب کے سامنے لاﺅں گا۔ ثبوت کے ساتھ پریس کانفرنس کروں گا۔ اب میدان میں ہوں ایک ایک الزام کا جواب دوں گا۔