• news

تحریک عدم اعتماد ناکام‘ مودی نے2 تہائی اکثریت حاصل کر لی

نئی دہلی (نوائے وقت رپورٹ)بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کے خلاف عدم اعتماد کی تحریک ناکام ہو گئی۔ بھارتی میڈیا کے مطابق نریندر مودی نے دوتہائی اکثریت حاصل کرلی۔ مودی کو 451میں سے 325ووٹ ملے۔ حزب اختلاف 125ووٹ لے سکی۔ کوئی رکن غیرحاضر نہیں تھا۔ دریں اثناءبھارتی لوک سبھا میں نریندر مودی کے خلاف عدم اعتماد کی تحریک پیش کرنے سے متعلق سیشن سے خطاب کرتے ہوئے راہول گاندھی نے پہلے تو نریندر مودی پر تنقید کی، تاہم بعد میں انہوں نے اپنی تنقید کو طنزیہ انداز میں ان کی حمایت میں بدل لیا۔ انہوں نے کہا کہ پورا ایوان اور بھارتی جنتا پارٹی کے بہت سارے لوگ مل کر نریندر مودی کو انتخابات میں ہرانے کے لئے جارہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ آپ سوچیں گے کہ میرے دل میں بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کے خلاف غصہ اور نفرت ہے لیکن میں دل سے کہتا ہوں کہ میں وزیر اعظم اور آر ایس ایس کا بہت شکر گزار ہوں کہ انہوں نے مجھے کانگریس اور ہندوستانی ہونے کا مطلب سکھایا۔ نریندر مودی کو مخاطب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ آپ کے دل میں میرے لئے نفرت اور غصہ ہے، آپ کے لئے میں پپو ہوںح آپ مجھے مختلف قسم کی گالی دے سکتے ہیں لیکن میرے دل میں ایسا کچھ نہیں ہے۔ نریندر مودی کو گلے لگانے کے بعد راہول گاندھی واپس آئے اور اپنی جماعت گانگریس کے ساتھیوں کو آنکھ بھی ماری۔ گانگریس کے صدر راہول گاندھی نے بھارت میں مسلمانوں پر تشدد اور خواتین پر حملوں کا ذمہ دار مودی سرکار کو قرار دیا۔ راہول گاندھی نے کہا کہ بھارت میں لوگوں پر تشدد کیا جاتا ہے۔ خواتین پر حملے ہوتے ہیں، اور وزیراعظم نریندر مودی ان واقعات پر خاموش رہتے ہیں، تاریخ میں پہلی مرتبہ بھارت کی حیثیت دنیا میں خراب ترین ہے کیونکہ مودی سرکار خواتین کو تحفظ دینے میں ناکام رہی ہے۔ اجلاس کے دوران راہول گاندھی نے نریندر مودی پر فرانس سے جہاز اور ہیلی کاپٹرز خریدنے کے معاہدے میں کروڑوں روپے کے خورد برد کا الزام بھی لگایا۔

ای پیپر-دی نیشن