• news

الیکشن متنازعہ ہونے پر فیڈریشن کو ناقابل تلافی نقصان پہنچنے کا خطرہ ہے: سراج الحق

لاہور/ چکدرہ (خصوصی نامہ نگار+ آئی این پی)امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ نگران حکومت الیکشن کمشن اور دیگر ادارے الیکشن پر اٹھنے والے سوالات پر عوام کو اعتماد میں لیں، الیکشن کو غیرجانبدار اور شفاف بنانا حکومت اور الیکشن کمشن کی ذمہ داری ہے اگر الیکشن متنازعہ ہوئے تو فیڈریشن کو ناقابل تلافی نقصان پہنچنے اور قومی یکجہتی پارہ پارہ ہونے کا خطرہ ہے، اگر ملک میں اسلامی نظام ہوتا تو کسی آمر اور ڈکٹیٹر کو جمہوریت اور آئین سے کھیلنے کی کبھی جرا¿ت نہ ہوتی، آج تک ملک میں جمہوریت کے نام پر شخصی آمریتیں قائم رہیں ، 70سال میں ملک میں جمہوریت کو پنپنے کا موقع نہیں مل سکا، ایم ایم اے ملک میں اسلامی انقلاب کی جدوجہد کررہی ہے تاکہ ہر خاص و عام کو یکساں حقوق مل سکیں اور کسی کو عام آدمی کے استحصال کی جرا¿ت نہ ہو، ایم ایم اے اقتدار میں آکر سودی نظام ختم کرکے اسلام کا معاشی نظام دے گی تاکہ عوام کو غربت، مہنگائی، بے روز گاری اور ظالمانہ ٹیکسوں سے نجات مل سکے، مغرب اور امریکہ سیکولر پارٹیوں کی سرپرستی کررہے ہیں تاکہ پاکستان کو اسلام سے دور رکھا جا سکے ۔ وہ جمعہ کو چکدرہ اور تالاش میں انتخابی جلسوں سے خطاب کررہے تھے۔ سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ اسلامی نظام میں آمریت اور ڈکٹیٹر شپ کا کوئی خطرہ نہیں ،اسلام ظلم و جبر کے خلاف ہے اور کسی فردکے استحصال کی اجازت نہیں دیتا ۔70سال سے عوام کی گردنوں پر سوار اشرافیہ نے عام آدمی کو اس کے حقوق سے محروم کررکھا ہے ۔ لینڈ مافیا ،شوگر مافیا اور ڈرگ مافیا کی حکمرانی میں عوام کو عزت و احترم اور ملک کو ترقی و خوشحالی نہیں مل سکتی ۔عوام اپنی آنے والی نسلوں کو غربت ، جہالت اور پریشانیوں سے محفوظ رکھنا چاہتے ہیں تو انہیں متحدہ مجلس عمل کا انتخاب کرنا ہوگا۔انہوں نے کہاکہ ایم ایم اے حقیقی متبادل قوت ہے اور پاکستان کے عوام ایم ایم اے کے ساتھ ہیں جس کا مظاہرہ پوری قوم 25جولائی کو اپنی آنکھوں سے دیکھے گی۔ متحدہ مجلس عمل 2018ءکے انتخابات میں بھرپور کامیابی حاصل کرکے ملک میں نظام مصطفی کا نفاذ کریں گے۔

ای پیپر-دی نیشن