مسلم لیگ(ن) نے عام انتخابات 2018 کے بارے میں قائمہ کمیٹی داخلہ کی رپورٹ کو مسترد کر دیا
مسلم لیگ(ن) نے عام انتخابات 2018 کے بارے میں سینٹ کی قائمہ کمیٹی برائے داخلہ کی رپورٹ کو مسترد کر دیا۔ واضح کیا ہے کہ رپورٹ اور قرارداد متفقہ نہیں ہے۔ چیئرمین سینٹ سے پیر کو قائمہ کمیٹی کے اجلاس کی طلبی کا حکم جاری کرنے کا مطالبہ کیا گیا ہے انتخابات سے متعلق قرارداد قائمہ کمیٹی کے اجلاس میں پیش نہیں کی گئی۔اس امر کا اظہار قائمہ کمیٹی قانون و انصاف کے چیئرمین اور قائمہ کمیٹی داخلہ کے رکن سینیٹر جاوید عباسی نے سینٹ اجلاس کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ سینیٹر جاوید عباسی نے کہا کہ سینٹ اجلاس میں بھی چیئرمین سینٹ کو صورتحال سے آگاہ کر دیا ہے رکن کی حیثیت سے میں خود قائمہ کمیٹی داخلہ کے اجلاس میں شریک تھا ہمارے عام انتخابات 2018ء سے متعلق قرارداد پیش نہیں کی گئی رپورٹ میں شامل یہ قرارداد متفقہ نہیں ہے ہمارے اختلافی نوٹ کو رپورٹ میں شامل کیا جائے توقع ہے کہ پیر کو قائمہ کمیٹی کا اجلاس ہوگا۔