کامونکے: روڈ بلاک کرنے پررہنما تحریک لبیک سمیت 29 افراد کیخلاف مقدمہ
کامونکے(نامہ نگار) ٹریفک بلاک کرنے والے تحریک لبیک یارسول اللہ کے رہنما سمیت اْنتیس افرا د کیخلاف مقدمہ درج کرلیا گیا۔ بتایا گیا کہ گذشتہ رات تھانہ واہنڈو کے علاقہ میں ٹریفک حادثہ میں ہلاک ہونے والے موضع چکیاں کے حافظ قرآن لقمان کی نعش کے پوسٹ مارٹم میں پولیس کی غفلت کے باعث تاخیر کی گئی تو ورثا نے میت جی ٹی روڈ کے درمیان رکھ کر تھانہ واہنڈو کے ایس ایچ او اور اے ایس آئی نعمت اللہ اور ہسپتال انتظامیہ کیخلاف شدید احتجاج کیا جس کے باعث جی ٹی روڈ کے دو اطراف گاڑیوں کی میلوں لمبی قطاریں لگ گئی۔صدر پولیس نے روڈ بند کرنے والے تحریک لبیک یارسول اللہ کے رہنما ننگل دونا سنگھ کے حافظ وقاص،ظفر اللہ اور چکیاں کے عبدالغفور، خالد، نذیر،عتیق، کرامت، شہباز ،عدیل اور پندرہ نامعلوم افراد کیخلاف مقدمہ درج کرلیا ہے۔ علاوہ ازیں بغیر اجازت ریلی نکال کر چوک بند کرنے اور نعرہ بازی کرنے والے آٹھ افراد کیخلاف مقدمہ درج۔ گذشتہ شام سٹی پولیس نے بغیر اجازت کے ریلی نکال کر چوک غوثیہ میں سڑک بلاک کرنے اور نعرہ بازی کرنے پر عالمگیر روڈ کے محمد فیصل،تاج ٹاؤن کے شفیق رامے اور محلہ حیدری کے محمد عمران اور پندرہ نامعلوم افراد کیخلاف مقدمہ درج کرلیا۔ واہنڈو پولیس نے غلہ منڈی واہنڈو میں بغیر اطلاع جلسہ اور لاؤڈ سپیکر کا غیر قانونی استعمال کرنے پر ملی مسلم لیگ کے مرکزی رہنما حافظ سعید،حلقہ پی پی60کے امیدوار عدنان وارث اور پی پی59کے امیدوار نثار بٹر کیخلاف مقدمہ درج کرلیا ہے۔