عمران کو سمجھ آگئی ان کی جماعت اکثریت لینے کی پوزیشن میں نہیں: سعدرفیق
لاہور(خصوصی رپورٹر)مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما ، حلقہ این اے 131سے امیدوار خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ عمران خان کو سمجھ آ گئی ہے کہ ان کی جماعت اکثریت لینے کی پوزیشن میں نہیں اور اس کا کریڈٹ بھی خود ان کو ہی جاتا ہے ،عوام نظریاتی بنیادوں پرووٹ ڈالنے کے لیے تیارہیں، زہریلے پراپیگنڈے اورسازشوں کے باوجود لاہور اورپنجاب میں مسلم لیگ (ن)کا ووٹ بینک توڑا نہیں جا سکا،ہم جنگ نہیں انتخاب لڑ رہے ہیں لیکن پی ٹی آئی کے کارکنوں کی جانب سے اشتعال انگیزی کی جارہی ہے ،ایسے رویے معاشرے اور سماج کے لئے نقصان دن ہیں،اس لئے تحریک انصاف کی قیادت سے درخواست ہے کہ ہوش کے ناخن لے ، انتخابات کی شفافیت کا دارو مداراتھارٹیز کے آئندہ تین چار روز کے معاملات پر ہے اور ہم نگران حکومتوں اور الیکشن کمیشن پر نظر رکھے ہوئے ہیں ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے صوبائی حلقوں کے امیدواروں کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے ۔ خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ پی ٹی آئی کے حامیوں کی جانب سے افسوسناک حد تک اشتعال انگیزی کا سلسلہ جاری ہے ۔ جب کسی جماعت کا سربراہ ، قومی وصوبائی اسمبلی کے امیدوار اشتعال انگیزی کی گفتگو کا ماحول بنائیں گے تو آپ کی جماعت کے حامی نوجوانوں کا کیا رویہ ہوگا۔25جولائی گزر جائے گا لیکن ہم سب نے انہی گلی محلوں میں رہنا ہے ۔ایسا نہیں کہ ہمیں جواب دینا نہیں آتا لیکن سیاست میں مکے کا جواب مکے سے نہیں دینا چاہیے ۔ عمران خان کے جلسوں کی رونقیں مانند پڑ گئی ہیں اور جب جلسے بھرنے کی ضرورت نہیں تھی اس وقت ان کے جلسے بھرے ہوئے تھے لیکن آج ضرورت ہے تو دیگیں پکا کر اور بسیں بھیج کر بھی لوگ نہیں آرہے ۔ عمران خان نے ڈیفنس میں جو جلسہ کیا ہے اس میں کوٹ مومن سے لوگوں کو لایا گیا اور یہ اقدام خود کو دھوکہ دینے کے مترادف ہے او ریہ کام انہیں ہی مبارک ہو ۔