10 سال سے اکیلا بولنگ کر رہا ہوں اب بیٹنگ کی باری ہے: فاروق ستار
کراچی (کامرس رپورٹر) متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے مرکزی رہنما ڈاکٹرفاروق ستار نے کہا ہے کہ شہباز شریف، عمران خان اور بلاول بھٹو کراچی سے الیکشن لڑنے سے پہلے مردم شماری اور حلقہ شماری دوبارہ کرانے کا مطالبہ کریں تو پھر ہمیں الیکشن لڑنے کی ضرورت ہی نہیں رہے گی، شہر کی آبادی تین کروڑ کے قریب اور ڈیڑھ کروڑ بتائی جاتی ہے، کراچی میں تمام زبانیں بولنے والوں کا ڈوبنا اور تیرنا ساتھ ساتھ ہے، اگر کراچی 10 دن بند ہو تو ملک کو قبض ہوجاتا ہے لیکن اگر لاہور 10 دن بند ہو تو کراچی بند نہیں ہوتا، کراچی پاکستان کی اکانومی کا انجن ہے لیکن جب ہم یہ بات کرتے ہیں تو ہمیں غدار کہا جاتا ہے، ملک میں کچھ لوگوں کی باری آچکی ہے اور کچھ لوگوں کی باری آنے والی ہے، ہماری بیل بھی اب منڈھنے والی ہے، میں 10سال سے اکیلا بولنگ کر رہا ہوں اور سب بیٹنگ کررہے ہیں لیکن اب ہماری بیٹنگ کی باری ہے۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار گزشتہ روز متحدہ قومی موومنٹ پاکستان میں شمولیت اختیار کرنے والے معروف صنعتکار اور ایف پی سی سی آئی کے سابق نائب صدر اور یونائٹیڈ بزنس گروپ کے ترجمان گلزار فیروزکی جانب سے دیئے گئے استقبالیہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔