• news

ہمارامنشور عوامی خدمت اور ماضی کے ہمارے ترقیاتی منصوبے ہیں: پرویزالہی

گجرات( نامہ نگار) مسلم لیگ ق کے سینئرمرکزی رہنما و سابق نائب وزیراعظم چودھری پرویزالٰہی نے کہا ہے کہ ہمارا منشور ہماری عوامی خدمت اور ماضی کے ہمارے ترقیاتی کام ہیں، 1122 جیسی ریسکیو سروس پر لوگ مجھے دل سے دعائیں دیتے ہیں ان دعائوں کے حقدار وہ ووٹر بھی ہیں جنہوں نے مجھے منتخب کر کے ایسے کام کرنے کا موقع اور اللہ کریم نے توفیق دی۔ وہ این اے 69 گجرات کے 200 معززین کی اعجاز خان کی قیادت میں ساتھیوں سمیت مسلم لیگ ق میں شمولیت کے موقع پر خطاب کر رہے تھے۔ چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ پاکستان کو برباد کر کے نوازشریف نے اڈیالہ جیل جانا تھا تو وہ کوئی اور کاروبار کر لیتے پاکستانیوں کا کیا قصور تھا کہ انہوں نے ان کو اتنا نقصان پہنچایا کہ ہر نیا پیدا ہونے والا بچہ بھی لاکھوں روپے کا مقروض ہے اس کے باوجود عام اور غریب آدمی کو پینے کا صاف پانی اور تعلیم و صحت کی سہولتیں میسر نہیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جس حکمران میں تکبر اور انا آ جاتے ہیں اس کا حال ان جیسا ہی ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہبازشریف نے اپنے حالیہ دس سال میں بھی عوامی خدمت اور فلاح کا کوئی ایسا کام نہیں کیا جس کو وہ ہمارے کاموں کے مقابلہ میں سامنے لا سکیں یہی وجہ ہے کہ انہیں ہمارے کرائے گئے ترقیاتی کاموں، منصوبوں پر میرے نام کی تختیاں دیکھ کر بلڈ پریشر ہو جاتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ نوازشریف اور شہبازشریف نے ہماری طرح سیاست اور اختیارات کو عوامی خدمت کا ذریعہ بنانے کے بجائے کرپشن، جھوٹ، فریب اور دھونس دھاندلی سے اپنے مفادات کی تکمیل کا راستہ اختیار کیا، یہی وجہ ہے کہ آج بڑا جیل میں ہے چھوٹا جیل جانے سے خوفزدہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن میں دھاندلی اور سودے بازی سے کامیابی حاصل کرنے والے اب اپنی دھاندلی کے راستے بند ہوتے دیکھ کر واویلا کر رہے ہیں کیونکہ صاف شفاف الیکشن میں انہیں اپنی کامیابی کا کوئی امکان نظر نہیں آ رہا اس لیے وہ الزام تراشی اور دروغ گوئی میں مصروف ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن