چوتھی برسی، کارکنان تحریک پاکستان پرسوں آبروئے صحافت مجید نظامی کے مزار پر حاضری دینگے
لاہور (خصوصی رپورٹر) تحریک پاکستان کے سرگرم کارکن‘ آبروئے صحافت‘ رہبر پاکستان اور نظریۂ پاکستان ٹرسٹ کے سابق چیئرمین ڈاکٹر مجید نظامی کی چوتھی برسی کے موقع پر پرسوں بروز جمعرات 26جولائی کو 9:00 بجے صبح کارکنان تحریک پاکستان، نظریۂ پاکستان ٹرسٹ اور تحریک پاکستان ورکرز ٹرسٹ کے عہدیداران و کارکنان قبرستان میانی صاحب میں مجید نظامی مرحوم کے مزار پر حاضری دیں گے‘ ان کے ایصال ثواب کے لیے فاتحہ خوانی کریں گے اور پھولوں کی چادریں چڑھائیں گے۔ 10:00 بجے صبح ایوان کارکنان تحریک پاکستان، لاہور میں محفل قرآن خوانی منعقد ہو گی، ختم و دعا 11:30 بجے ہو گی۔ بعدازاں ایک خصوصی نشست منعقد ہو گی جس کی صدارت تحریک پاکستان کے مخلص کارکن‘ سابق صدر اسلامی جمہوریہ پاکستان اور نظریۂ پاکستان ٹرسٹ کے چیئرمین محمد رفیق تارڑ کریں گے جبکہ ڈاکٹر مجید نظامی کے دیرینہ رفقائ، کارکنان تحریک پاکستان اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے خواتین و حضرات ان کی قومی‘ ملی اور صحافتی خدمات پر روشنی ڈالیں گے۔ ان تقریبات کا اہتمام نظریۂ پاکستان ٹرسٹ نے تحریک پاکستان ورکرز ٹرسٹ کے اشتراک سے کیا ہے۔ یاد رہے مجید نظامی 26 جولائی 2014ء کو رمضان المبارک کی ستائیسویں شب وصال فرما گئے تھے۔