ڈی آئی خان: اکرام اللہ گنڈا پور کی اپنی رہائشگاہ پر تدفین، حملہ میں زخمی پولیس اہلکار بھی شہید
ڈیرہ اسماعیل خان(صباح نیوز+آئی این پی) خودکش حملے میں گزشتہ روز شہید ہونے والے تحریک انصاف کے امیدوار اکرام اللہ گنڈا پور کی نماز جنازہ ادا کردی گئی جبکہ واقعے کا مقدمہ بھی درج کرلیا گیا ۔ڈیرہ اسماعیل خان کی تحصیل کلاچی میں پی ٹی آئی امیدوار سردار اکرام اللہ خان گنڈا پور کی نماز جنازہ کلاچی ڈگری کالج کے گراؤنڈ میں ادا کردی گئی جس میں پی ٹی آئی کارکنان سمیت علاقہ مکین اور گنڈاپور برادری کے افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ اس موقع پر فوج، ایف سی اورپولیس کے دستے تعینات تھے جبکہ تحصیل بھرمیں سیکورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کیے گئے تھے۔ نماز جنازہ کی ادائیگی کے بعد اکرام اللہ گنڈاپور کی تدفین ان کی رہائشگاہ میں ہی کردی گئی۔ دوسری جانب پولیس کا کہنا ہے کہ کلاچی خودکش حملے کا مقدمہ اکرام اللہ گنڈاپور کے صاحبزادے آریز خان کی مدعیت میں درج کرلیا گیا جس میں نامعلوم افراد کو نامزد کیا گیا ہے۔ علاوہ ازیں تحصیل کلاچی حلقہ پی کے 99 کے امیدوار سردار اکرام اللہ خان گنڈہ پور پر خودکش حملے میں زخمی پولیس اہلکار دلنواز بھی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے شہید ہوگیا،پولیس اہلکار کی نماز جنازہ پولیس لائن ڈیرہ میں اداکرنے کے بعد شہید کی میت پورے سرکاری ا عزاز کے ساتھ آبائی گائوں روانہ کردی گئی ۔کلاچی خود کش حملہ کے دوران زخمی ہونے والا پولیس اہلکار دلنواز ولد حقنواز مرحوم سکنہ ہتھالہ بھی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے شہید ہوگیا ۔شہید پولیس اہلکار کی نماز جنازہ پولیس لائن ڈیرہ میں صبح نو بجے ادا کی گئی جس میں پولیس افسران اور اعلی سول حکام کے علاوہ پولیس کے جوانوں کے کثیر تعداد میں شرکت کی ۔بعدازاں مرحوم کومکمل سرکاری اعزاز کے ساتھ ایمبولینس کے ذریعے اس کے آبائی گائوں ہتھالہ روانہ کردیاگیا جہاں پر اسے آبائی قبرستان میں سپردخاک کردیاگیا ہے۔ یادرہے ڈرائیور رمضان سمیت دیگر تمام زخمیوں کی حالت خطرے سے باہر بتائی جاتی ہے۔