• news

نوازشریف، مودی اور تمام پاکستان دشمن ایک پبج پر ہیں: چودھری پرویزالٰہی

گجرات( نامہ نگار) (ق) لیگ کے سربراہ اور سابق وزیر اعظم چوہدری شجاعت حسین نے کہا ہے کہ ختم نبوت کے تمام کرداروں کو سخت سے سخت سزا دینی چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ ریاستی اداروں کے خلاف کردار کشی کسی طور قبول نہیں۔ وہ سابق ناظم چوہدری ارشاد احمد کالرہ کی طرف سے (ق) لیگ اور پی ٹی آئی کے مشترکہ جلسہ سے خطاب کر رہے تھے۔ چوہدری شجاعت حسین نے کہا کہ عمران خان کی 22 سالہ جدوجہد ہے۔ اگر کوئی مجھ سے پوچھے کہ آپ کس کو ووٹ دیں گے تو میرا جواب عمران خان ہے۔ ایسے لوگوں کو آگے آنا چاہئے جو ملک وقوم کی خدمت کا جذبہ رکھتے ہیں۔ چوہدری شجاعت حسین نے کہا کہ لوگ مجھ سے پوچھتے ہیں کہ آپ کیوں نہیں الیکشن لڑ رہے تو انہیں بتانا چاہتا ہو کہ میں چھ دفعہ ایم این اے، دو دفعہ سینیٹر اور وزیراعظم بن چکا ہوں۔ اب نئے لوگوں کو آگے آنے کا موقع ملنا چاہئے، اللہ تعالیٰ جس کو چاہے یہ منصب دے۔ اگر میرٹ کی بات کی جائے تو وزیراعظم بننا عمران خان کا حق بنتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں شہباز شریف کو چیلنج کرتا ہوں کہ چوہدری پرویز الٰہی کا مقابلہ ترقیاتی کاموں میں کریں۔ امیدوار پی پی 31 چوہدری سلیم سرور جوڑا نے کہا کہ گجرات میں سب سے زیادہ عوامی شہرت میرے والد چوہدری سرور جوڑا کو ملی۔ آج بھی لوگ انکی باتیں سناتے ہیں تو میری آنکھوں میں آنسو آجاتے ہیں۔ مجھے کامیاب کرائیں گجرات کے عوام کی صحیح معنوں میں خدمت کروں گا۔ میاں عمران مسعود نے کہا کہ چوہدری شجاعت حسین کے پاس خود جا کر کہا کہ پارٹی ڈسپلن کے مطابق یہ سیٹ پی ٹی آئی کا حق بنتا ہے، کاغذات واپس لیتا ہوں۔
گجرات (نامہ نگار) ق لیگ کے سینئر مرکزی رہنما و سابق نائب وزیراعظم چودھری پرویزالٰہی نے کہا ہے کہ نوازشریف، نریندر مودی اور تمام پاکستان دشمن ایک پبج پر ہیں، عوام اپنے بچوں کا مستقبل بچانے کیلئے 25جولائی کو ملک دشمن (ن) لیگیوں کو ہمیشہ کیلئے سیاست سے باہر کر دیں۔ وہ این اے 69میں پاکستان مسلم لیگ اور تحریک انصاف کے بہت بڑے مشترکہ اختتامی جلسے سے خطاب کر رہے تھے۔ چودھری پرویزالٰہی نے کہاکہ وقت کی کمی کے باعث انتخابی مہم ٹھیک نہیں چل سکی، عوام 25جولائی کو سوچ سمجھ کر ووٹ کاسٹ کریں، کسی ایسے شخص کو ووٹ نہ دیں جو آپ اور آپ کے بچوں کا مستقبل تباہ کر دے۔ انہوں نے نوازشریف کے ملک دشمن بیانیہ پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ نریندر مودی اور نوازشریف کا یکساں ملک دشمن بیانیہ اتفاق نہیں، اپنی کرپشن اور چوری میں سزا کے بعد نوازشریف کا جیل سے بھی یہی بیانیہ ہے، قوم سے دشمنی کرنے اور قومی اداروں کو گالیاں دینے والے کس منہ سے قوم سے ووٹ مانگ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ (ن) لیگ جعلی پولیس مقابلوں کی بانی ہے۔ انہوں نے ہر جگہ جرائم پیشہ لوگوں کی سرپرستی کی اور تحفظ دیا بلکہ پولیس کو ان کے ماتحت کر دیا۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان کیلئے جانیںقربان کرنے والے شہیدوں کا ہم پر فرض ہے کہ ہم اب کوئی غلطی نہ کریں، عوام زیادہ سے زیادہ تعداد میں گھروں سے نکلیں اور ہمیں ووٹ دیں تاکہ عوام کی مزید خدمت کر سکیں۔ انہوں نے کہاکہ شریفوں نے جو کچھ کرنا ہے اب جیل میں ہی کرنا ہے۔ چودھری پرویزالٰہی نے کہاکہ ہم نے اپنی 5سالہ حکومت میں عوامی فلاح و بہبود اور ملکی ترقی کیلئے ایسے تاریخی اور مثالی کام کئے جن کی آج بھی ہر طرف سے تعریف کی جا رہی ہے۔ ن لیگ والوں نے اہل گجرات سے بھی دشمنی کی لیکن انشاء اللہ ہم یہاں انجینئرنگ یونیورسٹی، کینسر ہسپتال بنانے کے علاوہ موٹر وے سے بھی ملائیں گے اور اپنے تمام نامکمل منصوبے مکمل کریں گے۔ پی ٹی آئی کے پی پی 31سے امیدوار چودھری سرور سلیم جوڑا اور میاں عمران مسعود نے بھی جلسہ سے خطاب کیا جبکہ سٹیج پر چودھری اعجاز شاہد ولہ، چودھری صفدر ممتاز سندھو، میاں ہارون مسعود، چودھری اظہر تیل والا، حاجی ریاض احمد، ظہور ساہی، تجمل شاہ، چودھری اظہر اقبال، مظہر نت، صاحبزادہ عتیق الرحمن اور دیگر رہنما بھی موجود تھے۔

ای پیپر-دی نیشن