• news

ملک کے سیکورٹی اداروں پر حملے ایک سوچی سمجھی سازش ہے، علامہ خادم رضوی

لاہور (خصوصی نامہ نگار) تحریک لبیک پاکستان کے امیر علامہ خادم رضوی نے کہا ہے کہ ملک میں نظام مصطفی کے نفاذ کیلئے عوام 25 جولائی کو کرین پر مہر لگائیں۔ 25 جولائی کو پورے ملک کے تمام ایوان لبیک یا رسول اللہ سے گونج اٹھیں گے۔ تحریک لبیک واحد سیاسی جماعت ہے جو نظریہ کی بنیاد پر سیاست کررہی ہے۔ ملک کے سکیورٹی اداروں پر حملے ایک سوچی سمجھی ساز ش ہے، پاک فوج کیخلاف سازش، پاکستان کیخلاف ساز ش ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ شب ناصر باغ میں انتخابی مہم کے سلسلے میں آخری انتخابی جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں موجود بھارتی لابیاں اب کسی سے ڈھکی چھپی نہیں رہ گئیں، تحریک لبیک انتخابات میں کامیابی حاصل کر کے ملک سے اندرونی و بیرونی دشمنوں کا صفایا کر دیگی۔انہوں نے کہا کہ کہ کچھ لوگ اپنی سیاسی ناکامی اور کرپشن کی سزا کا ملبہ فوج اور عدلیہ پر ڈالنا چاہتے ہیں ، فوج ایک دفاعی ادارہ ہے ، اس کو سیاسی منافقتوں کی بھینٹ نہ چڑھایا جائے، کچھ لوگوں کو اپنی سیاسی شکست صاف نظر آرہی ہے ، اسلئے وہ ایسے پراپیگنڈا کر عوام کو بے وقوف بنانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ اس موقع پر سرپرست اعلی تحریک لبیک پیر محمد افضل قادری نے کہا کہ جب تک پاک فوج مضبوط ہے انڈیا اسرائیل سمیت کوئی دشمن طاقت پاکستان کو نقصان نہیں پہنچا سکتی۔جسٹس شوکت عزیز صدیقی نے فیض آباد ختم نبوت دھرنے کیخلاف انتظامیہ کو آپریشن پر اکسایا تھا، جس کے نتیجہ 7 بے گناہ شہید اور سینکڑوں زخمی ہو گئے تھے اور اب انہوں ملک کو شدید نقصان پہنچانے والا بیان دے ڈالا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن