• news

عزیر بلوچ، فریال تالپور اور زرداری کیخلاف گواہ بننے کیلئے تیار ہوگیا: پیرپگاڑا

خیرپور (اکبر عباس زیدی) گرینڈ ڈیمو کریٹک الائنس کے سربراہ پیر پگارو نے کہا ہے کہ پرویز مشرف نے مجھے دبئی میں بتایا کہ اگر بے نظیر کی شہادت نہ ہوتی تو میں دوبارہ ملک کا صدر بنتا‘ بے نظیرکی شہادت سے مجھے نقصان اورآصف زرداری کو فائدہ ہوا۔ خیرپور میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے پیر پگارو نے کہا کہ جب بھی نوازشریف کی جیل کے حوالے سے خبر سنتا ہوں تو بہت افسوس ہوتا ہے کہ نوازشریف خود تو جیل گیا لیکن اپنی بیٹی مریم کو بھی ساتھ لے کر گیا‘ 2013ء کے انتخابات میں نوازشریف نے کامیاب ہونے کے بعد آصف زرداری سے دوستی کر لی اور ہم سے بے وفائی کی‘ آصف زرداری نے کبھی پیپلز پارٹی سے محبت نہیں کی کیونکہ آصف زرداری کے والد حاکم زرداری کو ذوالفقار علی بھٹو نے بے عزت کر کے پارٹی سے نکالا تھا‘ آصف زرداری نے پیپلز پارٹی کو تباہ کر کے اپنے والد کی بے عزتی کا بدلہ لیا۔ پیر پگارو نے کہا کہ ملک کے دیگر تین صوبوں کی طرح پیپلز پارٹی کا 25 جولائی کو سندھ سے بھی خاتمہ ہو جائے گا‘ پیپلز پارٹی کے 10 سالہ دور میں لاڑکانہ میں 90 ارب اور خیرپور میں 43 ارب روپے کی ریکارڈ کرپشن کی گئی‘ سندھ کے ہر محکمے میں ریکارڈ کرپشن ہوئی۔ بہن فریال تالپور کرپشن کے الزام کے علاوہ قتل کے مقدمات میں بھی جیل جائے گی‘ عذیر بلوچ‘ فریال تالپور اور آصف زرداری کے خلاف سلطانی گواہ بننے کو تیار ہو گیا ہے۔پیپلز پارٹی نے ہمیشہ ڈنڈوں اور پیسوں کے زور پر حکومت بنائی لیکن اب حالات مختلف ہے کیونکہ نہ اب جنرل کیانی ہے اور نہ ہی وہ سابق جج صاحبان ہیں‘ آصف زرداری نے ہمیں اور ہمارے امیدواروں کو خریدنے کی بہت کوشس کی لیکن ہم نہیں بکے اگر ہم زرداری کے ساتھ مل جاتے تو یہ سندھ تبدیل نہیں ہو سکتا تھا۔

ای پیپر-دی نیشن