27 جولائی کو بتاؤں گا کس نے الیکشن بیچا ہے، کامران ٹیسوری : انتخابات سے دستبردار
کراچی (نوائے وقت رپورٹ) ایم کیو ایم کے ناراض رہنما کامران ٹیسوری نے الیکشن میں حصہ نہ لینے کا اعلان کر دیا۔ کراچی میں پریس کانفرنس کے دوران کامران ٹیسوری نے الیکشن سے دستبرداری کا اعلان کرتے ہوئے ایم کیو ایم بہادر آباد کو تنقید کا نشانہ بنایا۔ انہوں نے کہا کہ خالد مقبول صدیقی کے پاس ایم کیو ایم کا پورا اختیار ہے، بہادر آباد کے رہنماؤں نے اپنی مرضی سے فیصلہ کئے ہیں، 25 جولائی کے الیکشن کے نتائج کی ذمے داری بھی بہادر آباد پر جائے گی اور 27 جولائی کو بتاؤں گا کہ کس نے الیکشن کس کو بیچا۔ کامران ٹیسوری کا کہنا تھا کہ میرا اختلاف آٹھ کے ٹولے سے ہے، فاروق ستار روحانی نہیں جسمانی طور پر بہادر آباد کے ساتھ ہیں اور بہادر آباد والوں کو کوئی موقع نہیں دینا چاہتا۔