• news

کل نوازشریف کے سر پر جمہوریت کا تاج سجائیں گے: جاوید ہاشمی

راولپنڈی (نیوز رپورٹر) اللہ نے چاہا تو نوازشریف کو چوتھی بار وزیراعظم بنائیں گے، یہ کیسی جمہوریت ہے کہ سابق وزیراعظم نواز شریف اور ان کی بیٹی مریم نواز سے ووٹ کا حق چھین لیا گیا ہے، آخری فیصلہ راولپنڈی کے شہریوں کا ہی ہوتا ہے۔ پنڈی والو! آج آپ نے الیکشن ون سائیڈڈ کر دیا ہے۔ شیخ رشید کی ضمانت آپ نے ضبط کرانی ہے۔ان خیالا ت کا اظہار مسلم لیگ ن کے رہنمائوں نے پیر اور منگل کی درمیانی رات انتخابی مہم ختم ہونے سے قبل لیاقت باغ میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ مخدوم جاوید ہاشمی نے اپنے خطاب میں کہا راولپنڈی کے بہادر لوگو میں آپ کو سلام پیش کرتا ہوں۔ آج میاں نواز شریف اسی شہر میں موجود ہیں۔ان کی بیٹی مریم نواز بھی جیل میں موجود ہیں۔ پارٹی قیادت کی گرفتاریوں سے ہماری انتخابی مہم اور الیکشن کو سبوتاژ کرنے کی کوشش کی گئی ۔ یہ کیسی جمہوریت ہے۔ راولپنڈی کے عوام نے آج فیصلہ دیدیا ہے۔ 25 جولائی کو نواز شریف کے سر پر جمہوریت کا تاج سجائیں گے۔سینیٹر چوہدری تنویر خان نے اپنے خطاب میں کہا میاں نواز شریف کو چوتھی مرتبہ وزیر اعظم بنانے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔ لوٹے اور چور نوازشریف کے خلاف اکھٹے ہو چکے ہیں۔ نواز شریف نے اس ملک کو ایٹمی طاقت بنایا یہی اس کا جرم ہے۔ سالار قمر نے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا اچھے وقت میں مفادات لینے والے مشکل وقت میں جیپ پر سوار ہو گئے میرے والد کے بعد حنیف عباسی کو بھی جیل میں ڈال دیا گیا،مشکل وقت میں قائد کا ساتھ دینے والے راہنماؤں کو سلام کرتا ہوں۔ طاہرہ اورنگزیب نے اپنے خطاب میں کہا الیکشن کے دن پنڈی اپنے قائد سے وفاداری ثابت کرے گا۔نواز شریف عوامی لیڈر ہیں شیخ رشید جیسے کردار رسوا ہوں گے۔ حلقہ این اے 61سے امیدوار قومی اسمبلی ملک ابرار نے کہا کہ یہ الیکشن ملکی تاریخ کا اہم الیکشن ہے ہمارا مقابلہ کسی پارٹی کے ساتھ نہیں یہودی لابی کے ساتھ ہے ہم نے یہودیوں کو شکست دینی ہے۔ دانیال چوہدری نے کہا کہ 25 جولائی کو مخالفین کی ضمانتیں ضبط کروائیں گے۔ ہماری اصل جنگ 25 تاریخ کے بعد شروع ہونی ہے۔ اب ہمیں دبایا نہیں جا سکتا۔ پولنگ کے روز ہر گلی محلے اور ہر ڈبے سے شیر کی آواز نکلے گی۔ سردار نسیم نے کہا پچیس جولائی کو آپ نے اپنے ووٹ کی پرچی سے انتقام لینا ہے یہ عظیم جلسہ نواز شریف، مریم نوازشریف، اور حنیف عباسی کے نام کرتے ہیں۔سب لوگ جیل سے سرخرو ہو کر نکلیں گے۔ مسلم لیگ ن راولپنڈی کے صدر سردار نسیم خان نے کہا کہ آج آپ نے ثابت کر دیا کہ 25 جولائی راولپنڈی کی ہر یونین کونسل اور گلی محلے میں شیر کا راج ہو گا۔ ملک شکیل اعوان نے کہا کہ آج راولپنڈی نے اعلان کر دیا ہے کہ نواز شریف کا ہر وعدہ ہم پورا کریں گے۔ 25 جولائی کی شام نواز شریف کو کامیابی کے تحفے دے کر اپنے قائد کی میزبانی کریں گے۔ صوبائی اسمبلی کے امیدوار راجہ ارشد نے کہا کہ آج ہمیں یہ طے کرنا ہے کہ 25 جولائی کو گھروں سے نکل کر شیر پر مہر لگانی ہے۔ ہم نے میاں نواز شریف اور مریم نواز کے ساتھ حنیف عباسی کی جنگ بھی لڑنی ہے۔ پی پی 17 کے امیدوار راجہ حنیف نے کہا کہ حنیف عباسی کو ایک سازش کے تحت جیل میں ڈالا گیا۔ پی پی 16 کے امیدوار شیخ ارسلان حفیظ نے کہا کہ راولپنڈی نواز شریف کا گھر اور مسلم لیگ کا گڑھ ہے۔

ای پیپر-دی نیشن