انتخابات کا منصفانہ، پرامن انعقاد یقینی بنانے کیلئے پلان مرتب کرلیا: نگران وزیراعلیٰ
لاہور (خصوصی رپورٹر) نگران وزیراعلیٰ پنجاب ڈاکٹر حسن عسکری نے کہا ہے کہ انتخابات کے منصفانہ اور پرامن انعقاد کو یقینی بنانے کیلئے مربوط پلان مرتب کیا گیا ہے اورپولنگ سٹیشنزپر ووٹرز اور عملے کی حفاظت کیلئے موثر انتظامات کئے گئے ہیں۔ پولنگ سٹیشنز کے اندر موبائل فون لے جانے کی پابندی کو یقینی بنایا جائے گااوراس ضمن میں متعلقہ حکام اوراداروں کو ہدایات جاری کی جاچکی ہے ۔انہوں نے کہا کہ حساس پولنگ سٹیشنز پر سکیورٹی کے خصوصی انتظامات کئے گئے ہیں جبکہ بیلٹ باکس کو پولنگ سٹیشنز سے واپس ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسر تک لانے کے تمام ضروری انتظامات کئے گئے ہیں۔ نگران وزیراعلیٰ نے کہا کہ پنجاب میں 141 قومی او ر297صوبائی نشستوں پر انتخابات کے لئے 47473 پولنگ سٹیشنز قائم کئے گئے ہیں اور پولنگ سٹیشنز پر ضروری سہولتیں مہیا کی گئی ہیں۔انہوںنے کہا کہ غیرجانبدار اور شفاف الیکشن کی قومی ذمہ داری بطریق احسن ادا کریں گے۔انہوںنے کہا کہ ووٹ ڈالناایک قومی ذمہ داری ہے اوراسی مقصد کے پیش نظر ووٹرز کو پرامن ماحول میں حق رائے دہی کے استعمال کیلئے پولنگ سٹیشنزپر جامع اقدامات کیے گئے ہیں ۔نگران وزیراعلیٰ نے کہا کہ پولنگ ڈے پر امن وامان کی صورتحال کیلئے سکیورٹی کے بہترین انتظامات کیے گئے ہیںاورپولنگ سٹیشنز کی ڈیجیٹل مانیٹرنگ کا نظام فعال کیاگیا ہے ۔ سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے پولنگ سٹیشنز کی نگرانی ہوگی اورکسی کو قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں لی جاسکتی۔انہوںنے کہا کہ انتخابی مہم کی طرح پولنگ ڈے پر بھی الیکشن کمیشن کے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر بلاامتیاز کارروائی کی جائے گی۔انہوںنے کہا کہ نگران صوبائی حکومت نے شفاف اورپرامن الیکشن کے انعقاد کیلئے ہرممکن اقدام کیاہے اور نگران پنجاب حکومت نے انتخابی مہم کے دوران سب جماعتوں کو یکساں مواقع فراہم کیے اوریہی وجہ ہے کہ پنجاب میں پرامن انداز میں انتخابی مہم اختتام پذیر ہوئی۔نگران وزیراعلیٰ نے کہاکہ25جولائی ملک کی تاریخ ایک اہم دن ہے ۔ صوبائی حکومت نے شفاف اورغیر جانبدارانہ الیکشن کیلئے تمام تر انتظامات کیے ہیں ۔انہوںنے کہا کہ پولنگ سٹیشنز پرسہولتوں کی فراہمی کیساتھ سکیورٹی پر خصوصی توجہ دی گئی ہے ۔ووٹرز آزادانہ طورپرووٹ ڈالنے کا اپنا قومی فریضہ ادا کرسکیں گے۔