• news

’’اٹھو اور ووٹ سے ہماری جیل کی سلاخیں توڑ ڈالو‘‘حنیف عباسی : جیل سے ٹوئٹ

راولپنڈی (اپنے سٹاف رپورٹر سے)’’اٹھو اور اپنے ووٹ سے ہماری جیل کی سلاخیں توڑ ڈالو‘‘۔یہ پیغام ایفی ڈرین کیس میں عدالت سے عمر قید کی سزا پانے والے لیگی رہنما حنیف عباسی نے الیکشن سے ایک دن قبل اڈیالہ جیل سے ٹوئٹ کے ذریعے دیا ہے ۔ سوشل میڈیا کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر پیغام دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ’’ میں حنیف عباسی جیل سے آپ سے مخاطب ہوں ‘‘جیسا کہ آپ سب جانتے ہیں کہ مجھے رات کی تاریکی میں ایک انتقامی فیصلے کا نشانہ بنا دیا گیا ،میرا جرم نواز شریف کے نظریہ ووٹ کو عزت دوکے ساتھ کھڑا ہونا تھا، کل ایک تاریخی دن ہے ،اٹھو اور اپنے ووٹ سے ہماری جیل کی سلاخیں توڑ ڈالو ۔حنیف عباسی کے اکاوئنٹ سے اس ٹوئٹ کے بعد سوشل میڈ یا پر ہنگامہ برپا ہو گیا اور حنیف عباسی کی جانب سے انٹرنیٹ کے استعمال پر سوالات کھڑے ہو گئے ۔وزیر اعظم آزادکشمیر راجہ محمد فاروق حیدرخان ، مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنما حنیف عباسی سے اظہار یکجہتی کیلئے ان گھر پہنچ گئے ۔ وزیر اعظم نے حنیف عباسی کے بھائی اور اہلیہ سے ملاقات کی اور ان سے اظہار ہمدردی کیا ۔ وزیر اعظم نے اس امید کا اظہار کہاکہ حنیف عباسی جلد سرخرو ہونگے۔مسلم لیگ ن کے رہنماء محمد حنیف عباسی سے منگل کو اڈیالہ جیل میں ان کے وکلاء نے ملاقات کی اور انسداد منشیات کی خصوصی عدالت کی جانب سے انہیں دی گئی قیدوجرمانے کی سزا کے خلاف ان کی ہائیکورٹ میں اپیل دائر کرنے کیلئے وکالت نامے پر دستخط کرائے گئے وکلامیںطالب حسین،فیض احمدچیمہ اور طیب حسن شامل تھے قانونی ٹیم نے حنیف عباسی کے ساتھ مشاورت کے بعد سزا کے خلاف ہائیکورٹ جانے کا فیصلہ کیا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن