• news

پرامن انتخابات، مانیٹرنگ لاہور پولیس نے سمارٹ ایپ متعارف کرادی

لاہور (نامہ نگار) لاہور پولیس نے عام انتخابات کو پُر امن بنانے اور تمام سرگرمیوں کومانیٹرکرنے کیلئے نئی سمارٹ ایپ متعارف کرا دی ہے۔ ڈی آئی جی آپریشنز لاہور شہزاد اکبر نے کہا ہے کہ سمارٹ ایپ میں لاہور کے تمام پولنگ سٹیشنز، ڈیوٹی پر تعینات پولیس اہلکاروں اور متعلقہ افسروں کے نام و رابطہ نمبرز کا اندارج کر دیا گیا ہے۔سمارٹ ایپلی کیشن میں تمام پولنگ سٹیشنز کو جیو ٹیگ کر لیا گیا ہے۔ کوئی بھی پولیس آفیسر سمارٹ ایپ کے ذریعے کسی بھی پولنگ سٹیشن کو لوکیٹ کرکے اسکا دورہ آسانی سے کر سکتا ہے۔متعلقہ پولیس افسر پولنگ ڈے پر سمارٹ ایپ کے ذریعے ڈیوٹی پر تعینات پولیس اہلکاروں کی حاضری کو یقینی بنائے گا۔سمارٹ ایپلی کیشن میں کسی بھی جگہ ہنگامہ آرائی کی صورت میں متعلقہ پولیس افسر کو اطلاع دینے کے لئے خصوصی پنک بٹن کی آپشن دی گئی ہے۔پنک بٹن دبتے ہی متعلقہ علاقے کے پولیس افسروں،پی آر یو کی گاڑی ،اینٹی رائٹ یونٹ کے اہلکاراور ڈولفن سکواڈکے اہلکار فوراً موقع پر پہنچ جائیں گے۔ پولیس اہلکاروں کا ٹرن آئوٹ اور وقت پر کھانے کی سروس بھی اسی سمارٹ ایپ سے مانیٹر کی جاسکے گی۔

ای پیپر-دی نیشن