چیف جسٹس کا نمائندہ نوائے وقت، سمبڑیال ذیشان بٹ قتل کے مرکزی ملزم کی عدم گرفتاری پر اظہار تشویش
لاہور(وقائع نگار خصوصی) سپریم کورٹ نے سمبڑیال میں روز نامہ نوائے وقت کے نمائندہ ذیشان بٹ قتل کے مرکزی ملزم کی عدم گرفتاری پر شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے مرکزی ملزم کو دبئی سے گرفتار کر کے ایک ہفتے میں عملدرآمد رپورٹ طلب کر لی۔ چیف جسٹس پاکستان میاں ثاقب نثار نے صحافتی کے قتل پر از خود نوٹس کی سماعت کی۔ ڈی پی او سیالکوٹ سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں پیش ہوئے۔ ڈی پی او نے بتایا کہ شریک ملزم ثاقب کی گرفتاری کے لیے ٹیم دوبئی بھجوا دی ہے. ڈی پی او کے مطابق شریک ملزم ثاقب نے مرکزی ملزم عمران عرف عمرانی کو پناہ دی۔ ڈی پی او سیالکوٹ نے دعوی کیا کہ شریک ملزم ثاقب کی گرفتاری سے مرکزی ملزم تک پہنچا جائے گا۔ چیف جسٹس پاکستان نے حکم دیا کہ شریک ملزم کو بعد میں اور اصل ملزم کو پہلے گرفتار کریں۔ چیف جسٹس نے گرفتار ملزمان کی درخواست ضمانتوں پر فیصلے کی کاپی اسسٹنٹ رجسٹرار سپریم کورٹ کو ارسال کرنے کی ہدایت کر دی۔