نوازشریف کے ٹیسٹ تسلی بخش‘ مستقل طبی نگرانی اشد ضروری ہے‘ پمز میڈیکل ٹیم
اسلام آباد (خصوصی نمائندہ) پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (پمز) ہسپتال کی 5 رکنی ٹیم نے اڈیالہ جیل میں سابق وزیراعظم نواز شریف کا طبی معائنہ مکمل کرلیا۔ ابتدائی رپورٹس کے مطابق سابق وزیراعظم کے دل کے تمام ٹیسٹ تسلی بخش ہیں۔ 5 رکنی میڈیکل ٹیم ای سی جی اور ایکو کے لیے تمام میڈیکل آلات اڈیالہ جیل لے کر آئی۔ ڈاکٹرز کی ٹیم نے تقریبا 2 گھنٹے تک نواز شریف کا تفصیلی معائنہ کیا اور ان دل کے تمام ضروری ٹیسٹ کیے گئے۔ میڈیکل ٹیم نے ابتدائی طور پر تمام ٹیسٹ نارمل قرار دے دئیے جبکہ حتمی رپورٹ، ٹیسٹ کا مکمل جائزہ لینے کے بعد جاری کی جائے گی۔ میڈیکل ٹیم پمز ہسپتال کے جوائنٹ ایگزیکٹو ڈائریکٹر اعجاز قدیر کی سربراہی میں ڈاکٹر شجیع، ڈاکٹر مشہود، ڈاکٹر سہیل تنویر اور ڈاکٹر نعیم پر مشتمل تھی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ میڈیکل ٹیم اپنی رپورٹ آئی جی جیل خانہ جات لاہور کو بھجوائے گی، رپورٹ کی روشنی میں سابق وزیراعظم کو ہسپتال منتقل کرنے یا نہ کا فیصلہ کیا جائے گا۔ میڈیکل بورڈ نے نواز شریف کی ایک دوائی تبدیل کرنے کی سفارش کرتے ہوئے کہا کہ سابق وزیراعظم کومستقل طبی نگرانی کی اشد ضرورت ہے۔ طبی معائنہ نواز شریف کی ای سی جی اور ایکو کی رپورٹ تیار ہے، میڈیکل ٹیم ذرائع کے مطابق نوازشریف کی ای سی جی رپورٹ اطمینان بخش نہیں ہے، نوازشریف کی ایکو رپورٹ تسلی بخش ہے، میڈیکل ٹیم ذرائع کے مطابق سابق وزیراعظم نوازشریف کا شوگر لیول ہائی ہے، سابق وزیراعظم کا الٹراسائونڈ آج نہیں کیا جا سکا، سابق وزیراعظم نوازشریف کا اڈیالہ جیل میں آج بدھ کو الٹراسائونڈ کیا جائے گا۔ ذرائع کے مطابق نوازشریف اوپن ہارٹ سرجری کرا چکے ہیں، انہیں ہسپتال منتقل کرنا بہتر ہوگا۔ بی بی سی کے مطابق نواز شریف کا طبی معائنہ کرنے والے ڈاکٹرز کی رائے ہے کہ نواز شریف کے دل کی طبی حالت بہت اچھی نہیں ہے اور اگر یہ حالت بہتر نہیں ہوتی تو انھیں انجائنا کا دورہ پڑنے کے خدشات بڑھ سکتے ہیں۔ بی بی سی سی کے مطابق ای سی جی کی رپورٹ ڈاکٹرز کے مطابق ٹھیک نہیں آئی اور اس میں کچھ وقفے دکھائی دے رہے ہیں جو ظاہر کرتے ہیں کہ دل کی دھڑکن میں رکاوٹ پیدا ہو رہی ہے۔ ڈاکٹرز کی رائے میں نواز شریف کے دل کا بائی پاس ہو چکا ہے اس کے باوجود ان کے دل کی دھڑکن مناسب نہیں ہے اور دل کو مناسب الیکٹرک کرنٹ نہیں مل رہا جس کی وجہ سے دل کی دھڑکن کسی وقت بے ترتیب ہو جاتی ہے۔ اس کے علاوہ ان کے سینے کے بائیں جانب سانس اور اس کی آواز ہموار نہیں ہے جو دل کے والو میں گڑبڑ کی نشاندہی کر رہی ہے۔ نواز شریف نے ڈاکٹرز کو معائنے کے دوران بتایا کہ انھیں ایک غذائی ماہر کی نگرانی میں کم پروٹین والی مناسب خوراک دی جارہی ہے جس میں مرغی کا گوشت اور سبزیاں شامل ہیں۔ اس کے علاوہ وہ دہی کا استعمال باقاعدگی سے کر رہے ہیں۔ انھوں نے ڈاکٹرز کو یہ بھی بتایا کہ وہ اپنے سیل سے ملحق برآمدے میں ایک گھنٹہ چہل قدمی بھی کرتے ہیں۔ اس پر ڈاکٹرز نے انہیں چہل قدمی کا وقت کم کرنے کا مشورہ دیا۔پنجاب حکومت کے مطابق سابق وزیراعظم کو کمرے میں ائرکنڈیشن مہیا کردیا گیا ہے۔ اضافی طور پر بریکٹ فین کی فراہمی کے ساتھ گھر سے ڈاکٹرز کا تجویز کردہ کھانا منگوانے کی اجازت بھی دے دی گئی ہے۔ نگران صوبائی وزراء برائے قانون، داخلہ اور اطلاعات و ثقافت ضیاء حیدر رضوی، شوکت جاوید اور وقاص احمد ریاض نے مشترکہ پریس کانفرنس کی۔ صوبائی وزیر قانون نے کہاکہ سیاسی جماعتوں کی جانب سے پنجاب حکومت کی غیر جانبداری پر لگائے جانے والے الزامات ان کی انتخابی مہم کی ضرورت ہیں۔ اگر الزامات لگانے والی جماعتیں اپنے دعوئوں میں سچی ہوتیںتوسڑکوں کی بجائے عدالتوں کا رخ کرتیں۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ حکومت کے الزامات کا جواب ان کے انداز میں دیتے تو ہمارے پاس بھی بتانے کے لئے بہت کچھ تھا۔ پہلے اپنی حدود سے تجاوز کیا نہ اب کریں گے۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ پریس کانفرنس نگران وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر صرف اس مقصد کے لئے کی گئی ہے کہ ہم میڈیا کو اپنی غلطیوں کی نشاندہی کا موقع فراہم کریں اور کل الیکشن کے بعد جب نگران حکومت پر اعتراضات اٹھائے جائیں تو میڈیا نگران حکومت کا دفاع کرے۔ وزیر داخلہ شوکت جاوید نے میڈیا کو الیکشن کے انتظامات پر بریفنگ دیتے ہوئے بتایاکہ کچھ اختیارات فوجی افسران بھی استعمال کرسکیں گے۔ صوبائی وزیر اطلاعات و ثقافت احمد وقاص ریاض نے صحافیوں سے ضابطہ اخلاق کی پابندی کی درخواست کی۔ صحافیوں کے سوالات کا جواب دیتے ہوئے صوبائی وزراء نے کہا کہ مسلم لیگ ن کی قیادت کی جانب سے کیا جانے والا یہ پروپیگنڈہ بالکل غلط ہے کہ نواز شریف کوجیل میں پہلی رات زمین پر سلایا گیا۔ کمرے میں سامان کی ریلیز کے لئے ضروری کاغذی کارروائی کے دوران سابق وزیراعظم نے اپنی مرضی سے میٹرس پر رات گزاری جبکہ انہیں بیڈ مہیا کردیا گیا تھا۔