الیکشن کمشن نے تحریک اللہ اکبر کے 3 امیدواروں کو انتخاب لڑنے کی اجازت دیدی
اسلام آباد (خصوصی نمائندہ) الیکشن کمشن آف پاکستان نے وزارت داخلہ کے تحفظات کو نظرانداز کرتے ہوئے اللہ اکبر تحریک کے 3 امیدواروں کو انتخابات لڑنے کی اجازت دے دی۔ ممبر سندھ عبدالغفار سومرو کی سربراہی میں تین رکنی کمشن نے سماعت کی تاہم متعلقہ افراد نے موقف اختیار کیا کہ مذکورہ نام ان کے نام سے مماثلت رکھتے ہیں لیکن ولدیت مختلف ہے۔ سماعت میں وزارت داخلہ کی جانب سے کوئی نمائندہ پیش نہیں ہوا۔ وکیل صفائی نے موقف اختیار کیا الیکشن قریب ہے، امیدواروں کو منگل کو طلب کرنا زیادتی ہے۔ الیکشن کمشن نے امیدواروں کو تحریری جواب سمیت پاسپورٹ اور شناختی کارڈز کی نقول جمع کروانے کا حکم دیتے ہوئے سماعت 29 اگست تک ملتوی کردی۔ واضح رہے کہ وزارت داخلہ نے این اے 49ساہیوال سے محمد اشرف ، پی پی113 فیصل آباد سے ظفر اقبال، پی پی 67منڈی بہائوالدین سے احسان رانجھا پر شبہہ ظاہر کیا تھا کہ ان کا نام اقوام متحدہ کی واچ لسٹ میں شامل ہے۔