• news

غیرملکی فنڈنگ کیس: اکائونٹس سکروٹنی‘ اکبر ایس بابر کی رکنیت کیخلاف پی ٹی آئی کی چوتھی درخواست خارج

اسلام آباد (وقائع نگار) اسلام آباد ہائی کورٹ نے الیکشن کمشن میں زیر التوا فارن فنڈنگ کیس میں اکائونٹس کی سکروٹنی اور اکبر ایس بابر کی پارٹی رکنیت کے خلاف پاکستان تحریک انصاف کی درخواست خارج کر دی ہے۔ الیکشن کمشن میں غیر ملکی فنڈنگ کیس کے خلاف یہ تحریک انصاف کی چوتھی درخواست تھی جو اسلام آباد ہائی کورٹ میں دائر کی گئی تھی۔ جسٹس محسن اختر کیانی نے تحریک انصاف کی درخواست پر محفوظ فیصلہ سنایا۔ فیصلے میں کہا گیا ہے کہ تحریک انصاف اکبر ایس بابر کی پارٹی رکنیت ختم کرنے سے متعلق ٹھوس ثبوت پیش نہیں کر سکی۔ واضح رہے کہ عمران خان کی جانب سے دائر درخواست میں موقف اختیار کیا گیا تھا کہ اکبر ایس بابر ان کی پارٹی کے ممبر نہیں ہیں اور وہ پارٹی سٹیٹس استعمال کر رہے ہیں لہٰذا انہیں الیکشن کمشن کی جانب سے فارن فنڈنگ کیس کی کارروائی میں شامل ہونے سے روکا جائے اور الیکشن کمشن کی جانب سے اکائونٹس کی سکروٹنی کے عمل کو بھی روکا جائے۔اکبر ایس بابرکی جانب سے موقف اختیار کیا گیا تھا کہ تحریک انصاف نے الیکشن کمشن سمیت دیگر فورمز پر بھی ان کے حق دعویٰ اور پارٹی رکنیت کو چیلنج کیا تھا اور ہر بار ان کے حق میں فیصلہ آیا۔ ان کا کہنا تھا کہ کسی کی بھی رکنیت قانونی تقاضے پورے کئے بغیر ختم نہیں کی جا سکتی۔ الیکشن کمشن کی جانب سے ڈائریکٹر جنرل لاء نے بھی الیکشن کمشن کے مختلف فیصلوں کے حوالے دیتے ہوئے کہا کہ اکبر ایس بابر کی تحریک انصاف کی رکنیت کی تصدیق الیکشن کمشن نے بھی کی ہے۔

ای پیپر-دی نیشن