’قوم ووٹ ضرور دے‘ کھلاڑی بھی پرجوش
لاہور (سپورٹس رپورٹر+ نمائندہ سپورٹس) آج عام انتخابات کے موقع پر کھلاڑیوں نے بھی ووٹ کی اہمیت کو اجاگر کیا ہے اور اپنے پیغامات میں لوگوں سے اپیل کی ہے کہ ووٹ قومی فریضہ ہے اسے ضرور ادا کریں۔ ہاکی فیڈریشن کے سیکرٹری اولمپیئن شہباز احمد سینئر نے کہا ہے ووٹ ایک قومی فریضہ ہے۔ پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان سلمان بٹ کا کہنا تھا کہ میری تمام پاکستانیوں سے درخواست ہے کو وہ ووٹ کا ضرور استعمال کریں۔ سابق کپتان ایم حفیظ نے کہا ہے کہ ووٹ قوم کی امانت ہے۔ عوام جس پارٹی اور امیدوار کو بہتر سمجھتے ہیں اسے ووٹ دیکر پاکستان کے حق اور بہتر مستقبل میں اپنا کردار ادا کریں۔ طویل قامت فاسٹ باولر محمد عرفان آبائی حلقے میں تحریک انصاف کی بھرپور انتخابی مہم چلا رہے ہیں۔ کرکٹر محمد عرفان کا تعلق بورے والا کی سب تحصیل گگو منڈی سے ہے، ان کا آبائی گائوں قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 162 اور صوبائی اسمبلی کے حلقہ پی پی 229 میں آتا ہے۔ سابق کپتان یونس خان نے متحدہ مجلس عمل کی حمایت کا اعلان کر دیا اور ویڈیو پیغام میں کہا کہ میرے لیگل ایڈوائزر علیم خان غوری انتخابی نشان کتاب این اے 239 قومی اسمبلی کے لئے آئندہ الیکشن میں حصہ لے رہے ہیں۔ شاہد خان آفریدی کی بیٹیوں نے بھی سوشل میڈیا پر ویڈیو پیغام جاری کیا ہے۔ ویڈیو میں عمران خان کو سپورٹ کرتی دکھائی دے رہی ہے۔ آفریدی کی چھوٹی بیٹی کا پرامید انداز میں کہنا ہے کہ ’پاکستان کو بدلے گا عمران خان، انشاء اللہ‘ جبکہ بڑی بیٹی عوام سے یہ اپیل کرتی نظر آ رہی ہے کہ ’آپ سب بھی عمران خان کو ووٹ دیں، تھینک یو‘۔ وسیم اکرم اور وقار یونس کے ساتھ ساتھ محمد حفیظ نے پاکستان تحریک انصاف کے لئے اپنی پسندیدگی کا اظہار کرتے ہوئے ووٹ دینے کا مطالبہ کیا۔ کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد عام انتخابات 2018 میں ووٹ ڈالنے کے حوالے سے کافی ایکسائٹڈ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عوام سے کہتا ہوں کہ ووٹ قومی امانت ہے اسے ہرگز ضائع نہ کریں، عوام اپنا حق رائے دہی ضرور استعمال کریں۔