کئی برج الٹ گئے‘ کئی خطرے میں‘ فضل الرحمن‘ نثار‘ یوسف گیلانی‘ عابد شیر‘ امیر مقام‘ اسفندیار ‘ بلور اکرم‘ درانی شامل
پشاور، اسلام آباد (بیورو رپورٹ+ ایجنسیاں )صوبہ خیبر پی کے اور اس میں ضم ہونے والے قبائلی علاقہ جات سے قومی اسمبلی کی 51نشستوں پر ہونے والے انتخابات کے غیرسرکاری غیر حتمی نتائج میں تحریک انصاف نے واضح برتری حاصل کرلی ہے۔ خیبرپی کے سے امیدواروں میں شہباز شریف، بلاول بھٹو زرداری اوراسفندیار ولی خان،سراج الحق اورحاجی غلام احمد بلورسمیت متعدد سینئر سیاستدانوں کو شکست کا سامنا کرنا پڑرہاہے۔ اب تک کے غیرسرکاری اور غیرحتمی نتائج کے مطابق صوبائی اسمبلی کے انتخابات میں بھی پی ٹی آئی کے امیدواروں کو اپنے حریفوں پر برتری حاصل ہے۔این اے2سوات1سے مسلم لیگ(ن)کے صوبائی صدرامیرمقام کو شکست کا سامنا ہے۔ این اے3سوات2سے پاکستان مسلم لیگ(ن)کے مرکزی صدر شہبازشریف پی ٹی آئی کے سلیم رحمان سے شکست کھا گئے۔ این اے8ملاکنڈ سے پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹوزرداری تحریک انصاف کے جنید خان سے ہار گئے۔ این اے10شانگلہ سے ن لیگ کے عباد اللہ خان، تحریک انصاف کے وقار احمد خان، پیپلز پارٹی کے انجینئر حامد اقبال خان، ایم ایم اے کے امیر سلطان گجر اور اے این پی کے سدید الرحمن سمیت10امیدواروں میں سے تاحال کسی امیدوار کی برتری واضح نہیں۔ این اے 13مانسہرہ 1سے (ن) لیگ کے سردار شاہجہان یوسف بھی شکست سے دوچار ہوئے۔ این اے 24چارسدہ 2پر اے این پی کے مرکزی صدر اسفند یار ولی خان ہار گئے۔ پی ٹی آئی کے فضل محمد خان جیت گئے۔ این اے 30پشاور 4سے پی پی پی کے سابق وفاقی وزیر ارباب عالمگیر خان، تحریک انصاف کے شیر علی سے ہار گئے۔ این اے 31پشاور 5سے اے این پی کے سابق وفاقی وزیر حاجی غلام احمد بلور، تحریک انصاف کے شوکت علی سے شکست کھا گئے۔ این اے34کرک سے پاکستان مسلم لیگ(ن)کے سابق ضلع ناظم رحمت سلام خٹک ، ہارنے والوں میں شامل ہیں۔ این اے 35بنوں پر تحریک انصاف کے چیئرمین عمران احمد خان نے جے یو آئی (ف) کے رہنما سابق وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا اکرم خان درانی کو ہرایا۔ این اے 38ڈیرہ اسماعیل خان 1سے جمعیت علماءاسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمن، پی ٹی آئی کے سابق صوبائی وزیر علی امین گنڈاپور سے مقابلہ ہار گئے۔ این اے 39ڈیرہ اسماعیل خان 2سے جے یو آئی (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمن شکست سے دوچار ہوئے۔ مولانا فضل الرحمن کو دونوں حلقوں سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ ہارنے والوں دیگر ہیوی ویٹ میں چودھری نثار اور عابد شیر علی بھی شامل ہیں۔ این اے 63سے چودھری نثار اپنے حریف پی ٹی آئی کے غلام سرور خان سے پیچھے تھے۔ چودھری نثار علی خان این اے 59میں اپنے روایتی حریف غلام سرور خان سے شکست کھا رہے ہیں۔ ملتان میں پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنما اور سابق وزیراعظم یوسف گیلانی بھی شکست سے دوچار ہو گئے۔
برج الٹ گئے