لاہوریوںنے ناشتہ بازار سے منگوایا، امیدواروں کی کامیابی کیلئے دعائیں، صدقات
لاہور(سپورٹس رپورٹر+ خصوصی نامہ نگار+ خصوصی رپورٹر+ اپنے نامہ نگار سے) ملک میں عام انتخابات کے روز شہریوں کی بڑی تعداد نے صبح کا ناشتہ اور دوپہر کا کھانا بازاروں سے منگوا کر کھایا۔ کھانے فروخت کرنے والے ہوٹلز اور دکانوں پر بڑی تعداد میں رش دیکھنے کو ملا۔ اکثر فیملیز کا کہنا تھا کہ عام انتخابات کے روز گھروں میں کھانا بنانے کی بجائے بازار کے کھانوں سے لطف اندوز ہوئے ہیں تاکہ ووٹ کاسٹ کرنے کے ساتھ ساتھ ملک کی سیاسی صورتحال کا بھی جائزہ لیا جاتا رہے۔ لاہور کے رہائشیوں نے ووٹ ڈالنے کیلئے صبح کے وقت پولنگ اسٹیشنز پہنچ کر تعطیل کے روز دیر سے جاگنے کی اپنے اوپر لگی چھاپ ختم کر دی۔ امیدواروں نے اپنی صبح کا آغاز مساجد میں نماز فجر کی ادائیگی سے کیا اور اپنی کامیابی کیلئے خصوصی دعائیں کیں۔ عام تعطیل کے باعث ناشتے کی دکانوں پر معمول سے زیادہ رش دیکھنے میں آیا کئی شہری قطاروں میں لگنے سے بچنے کیلئے اپنی فیملیوں کے ہمراہ صبح کے اوقات میں ہی پولنگ اسٹیشنز پہنچ گئے اور ووٹ کاسٹ کیا۔ ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسر عابد حسین قریشی نے مختلف پولنگ سٹیشنز کا دورہ کیا اور اس موقع پر پاک فوج کے جوان بھی ریٹرننگ افسر کے ہمراہ تھے۔ الیکشن کمشن کی جانب سے پولنگ ڈے پرووٹروں کو گھروں سے لانے کیلئے ٹرانسپورٹ کے استعمال پر لگائی گئی پابندی کی دھجیاں بکھیر دی گئیں۔شہر بھر میں مختلف حلقوں میں ویگنیں ،کیری ڈبے اورچنگ چی رکشے ووٹروںکو گھرو ں سے پولنگ اسٹیشنوں تک لانے کیلئے گلی محلوں کے چکرلگاتے رہے ۔اس سیاسی ٹرانسپورٹ پر سیاسی جماعتوں کے جھنڈے لہراتے رہے جبکہ امیدواروں کے اسٹیکر زبھی اس ٹرانسپورٹ پر چسپاں تھے ۔ڈی سی لاہور کیپٹن(ر) انوار الحق نے ڈی سی آفس میں بنائے گئے الیکشن کنٹرول روم کا دورہ کیا۔ ڈی سی لاہور نے الیکشن کنٹرول روم سے کیمروں کی مدد سے پولنگ اسٹیشنزکا جائزہ لیا۔انہوںنے کہا کہ کنٹرول روم میں تمام محکموں کے فوکل پرسنز موجود ہیں۔پولیس مقابلوں سے شہرت پانے والے سابق انسپکٹر عابد باکسرنے بھی گزشتہ روز اپنا ووٹ کاسٹ کیا ہے۔ انہوں نے اقبال ٹاؤن عمر بلاک گورنمنٹ گرلز ڈگری کالج میں ووٹ کاسٹ کیا۔ انہوں نے کہا کہ میرے گھر والوں نے مجھے ووٹ کاسٹ کرنے پر مجبور کیا۔ مجھ جیسے لوگ جو ووٹ کاسٹ نہیں کرتے ، اس وجہ سے ہمارا ملک پیچھے رہ گیا ہے۔ انہوں نے کہا میں اعلانیہ یہ بات کرتا ہوں کہ میں نے عمران خان کو ووٹ دیا ہے۔ شہباز شریف کی وجہ سے میں 11 سال اپنے گھر سے دور رہا، میں ایسی گورنمنٹ کی حمایت نہیں کرتا۔ سابق وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق کو دیکھنے کے بعد تحر یک انصاف کے کارکنوں نے ’’چور چور ‘‘کے نعرے لگا ئے،لوٹوں کا چیئر مین عمران عمران خان کے (ن) لیگی کارکنوں کے جوابی نعروں پر مزید بد مزگی سے بچنے کیلئے خواجہ سعد رفیق پولنگ اسٹیشن کے باہر سے واپس روانہ ہو گئے ۔ پی ٹی آئی نے الیکشن کے دن این اے 130 اور این اے 131 میں آیا آیا چور آیا کے ترانے بجائے جس سے ماحول میں خاصی تلخی رہی تاہم این اے 130 میں خواجہ احمد حسان اور این اے 131 میں خواجہ سعد رفیق نے اپنے اپنے کارکنوں کو تلخی سے روکنے میں کامیابی حاصل کی۔