• news

حیدر آباد: پی ایس پی امیدوار راشد آرائیں کیخلاف نعرے بازی‘ ووٹ کاسٹ کئے بغیر واپس چلے گئے

حیدر آباد (عثمان اجمیری+ اسلم چنہ) حیدر آباد میں لطیف آباد میں علامہ اقبال سکول نمبر 2 میں قائم پولنگ سٹیشن پر پاک سرزمین پارٹی کے امیدوار این اے 227 راشد آرائیں ووٹ ڈالنے کیلئے پہنچے تو مخالف سیاسی جماعت کے کارکنوں نے شدید نعرے بازی کرتے ہوئے ان کی گاڑی کا گھیرائو کر لیا جس کے بعد وہ بغیر ووٹ کاسٹ کئے وہاں سے روانہ ہو گئے اسی طرح مختلف پولنگ اسٹیشنز پر سیاسی کارکنوں نے ایک دوسرے کے خلاف نعرے بازی کی۔ ادھر حیدر آباد کے بالو شاہی محلے میں ووٹرز کو دھمکانے کے الزام میں ایم کیو ایم پاکستان کے رکن سیکٹر ندیم عرف ندو کو قانون نافذ کرنے والے ادارے نے حراست میں لے کر پولیس کے حوالے کر دیا۔ دوسری جانب لطیف آباد یونٹ نمبر 12 میں خواتین ووٹرز کو ہراساں کرنے اور جبری طور پر ووٹ دینے پر مجبور کرنے والے پولیس اہلکار ارسلان کو بھی سیکورٹی ادارے نے حراست میں لے لیا جو متحدہ کے منتخب بلدیاتی نمائندوں کا بیٹا ہے۔ علاوہ ازیں این اے 226 لطیف آباد یونٹ نمبر 6 گورنمنٹ شاہ لطیف کالج میں پولنگ سٹیشن نمبر 104 میں پولنگ ایجنٹس اور ووٹرز نے اس اعتراض کے ساتھ احتجاج کیا کہ بغیر سیل باکس میں ووٹ کاسٹ ہو رہے ہیں۔ جی ڈی اے امیدوار ایاز لطیف پلیجو کی خواتین پولنگ ایجنٹس نے شکایت کی کہ پیپلز پارٹی کے کارکنان زبردستی پولنگ اسٹیشن میں د اخل ہو کر بیلٹ پیپرز پر مہر لگا رہے ہیں۔ ادھر پریٹ آباد کے پولنگ اسٹیشن نمبر 243 کے باہر متحدہ پاکستان اور پی ٹی آئی کے کارکنان کے درمیان ہلکی جھڑپ ہوئی۔

ای پیپر-دی نیشن