• news

بھارت ریاستی دہشتگردی سے کشمیریوں کی پرامن تحریک کو نہیں دباسکتا: مسعود خا ن

اسلام آباد (صباح نیوز) صدر آزاد جموں وکشمیر سردار مسعود خان نے کہا کہ پاکستان اور جموں وکشمیر کے درمیان ایک اٹوٹ انگ کا رشتہ ہے جو کسی صورت میں بھی کمزور نہیں ہو سکتا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے وزیر اعظم آزاد کشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان سے ملاقات کے دوران کیا جنہوں نے یہاں ایوان صدر جموں وکشمیر ہائوس اسلام آباد میں صدر ریاست سے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران سردار مسعود خان نے کہا کہ ہندوستان مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی بڑے پیمانے پر سنگین خلاف ورزیاں کر رہا ہے۔ دونوں رہنمائوں نے حالیہ دنوں میں شہید ہونے والے کشمیری نوجوانوں کو خراج عقیدت پیش کیا اور کہا کہ بھارتی قابض افواج ریاستی دہشت گردی مرتکب ہو کر کبھی بھی کشمیریوں کی حق خودارادیت کی پرامن تحریک کو دبا نہیں سکتا۔ صدر آزاد جموں وکشمیر نے حریت رہنمائوں کو بھی خراج تحسین پیش کیا۔ صدر آزاد جموں وکشمیر سردار مسعود خان نے کہا کہ اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر برائے انسانی حقوق کی جانب سے حال ہی میں شائع ہونے والی جامع رپورٹ جس میں بھارتی افواج کے ہاتھوں کشمیر کے اندر انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کی ایک لمبی فہرست شامل ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس رپورٹ کو عالمی سطح پر اجاگر کرنا پاکستانی اور کشمیریوں کی ذمہ داری ہے تاکہ بھارت کا مکروہ چہرہ دنیا کے سامنے لایا جا سکے۔

ای پیپر-دی نیشن