• news

ایشین گیمز ‘ سپورٹس بورڈ کی سست روی‘ 245 رکنی دستے کی منظوری نہ ہو سکی

لاہور(سپورٹس رپورٹر+نمائندہ سپورٹس) پاکستان سپورٹس بورڈ کی سست روی کے بعد ایشین گیمز کے لیے 245 رکنی دستے کی منظوری نہ ہو سکی۔ پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن اور کھیلوں کی تنظیموں کی جانب سے پی ایس بی کے احکامات کی روشنی میں اپنے سکواڈ کو تین سو سے کم کر کے 245 کر دیا تھا جس کی منظوری حاصل کرنے کے لیے پاکستان سپورٹس بورڈ کو تین روز قبل ہی بھجوایا تھا تاہم پاکستان سپورٹس بورڈ کی جانب سے پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کو تاحال کوئی جواب موصول نہیں ہوا ہے۔ پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن نے پاکستان سپورٹس بورڈ کے حکام کے ساتھ مشاورت کے بعد ایشین گیمز کے لیے 399 رکنی دستہ کی رجسٹریشن کروائی تھی تاہم پاکستان سپورٹس بورڈ نے پی او اے حکام کو صرف 140 رکنی دستے کی منظوری دی تھی جبکہ پاکستان کھلاڑیوں کے سفری اور رہائش کے اخراجات برداشت کرنے سے انکار کر دیا تھا جس کے بعد پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن نے کھیلوں کی تنظیموں کا ہنگامی اجلاس طلب کر کے دستے کے کھلاڑیوں اور آفیشلز میں کمی پر غور کیا۔ اجلاس میں اتھلیٹکس فیڈریشن سے لیکر ووشو فیڈریشن کے تمام حکام نے اپنے اپنے کھلاڑیوں کو شارٹ لسٹ کر کے فائنل 245 رکنی دستے کو منظوری کے لیے بھجوا رکھا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن