• news

نیشنل بنک کا یو بی ایل سے فارغ کرکٹرز کو ملازمت دینے کا اعلان

لاہور(سپورٹس رپورٹر+نمائندہ سپورٹس)بے روزگار ہونے والے کرکٹرز کیلئے نیا در کھل گیا، یو بی ایل سے فارغ ہونے والے کرکٹرز میں سے8 کو نیشنل بینک میں ملازمت دی جا رہی ہے، ان میں شان مسعود، محمد نواز اور رومان رئیس بھی شامل ہیں۔یو بی ایل کرکٹ ٹیم کی بندش سے ایک ساتھ کئی کرکٹرز بے روزگار ہو گئے تھے، سابق کپتان یونس خان نے کوشش بھی کی لیکن اس کے باوجود حکام نے فیصلہ تبدیل نہیں کیا۔دوسری جانب نیشنل بینک نے گذشتہ سیزن میں غیرمعیاری کارکردگی کے بعد ہنگامی اقدامات کا فیصلہ کرلیا، اس کے نتیجے میں سابق ٹیسٹ سپنر اقبال قاسم پی سی بی ہائی پرفارمنس سینٹر کے سربراہ کی ذمہ داری چھوڑ کر دوبارہ بینک سے منسلک ہو گئے۔ذرائع کے مطابق اب ٹیم کو بھی نئے سرے سے تشکیل دیا جا رہا ہے، فوری طور پر 9 کرکٹرز کو ملازمتیں دی جائیں گی۔ یو بی ایل سے فارغ ہونے والے کھلاڑیوں میں سے8کو نیشنل بینک میں ملازمت ملے گی،ان میں ٹیسٹ کرکٹرز شان مسعود،محمد نواز، انٹرنیشنل کرکٹر رومان رئیس، اکبر الرحمان، میر حمزہ، محمد اصغر، عمر صدیق اور سعد علی شامل ہیں، عمر ایسوسی ایٹس کے دانش عزیزبھی این بی پی میں شامل ہو رہے ہیں، رواں ہفتے ہی ان تمام کو تقرری نامے جاری کیے جانے کا امکان ہے، سب کو کنٹریکٹ پر ملازم رکھا جائے گا۔یاد رہے کہ گذشتہ سیزن کی قائد اعظم ٹرافی میں یو بی ایل کی ٹیم 7 میں سے 6 پول میچز میں کامیاب رہی جبکہ سپر ایٹ کے تین میچز میں اسے2 فتوحات ملیں، نیشنل بینک کی کارکردگی اس کے بالکل برعکس تھی، اسے لیگ کے7 مقابلوں میں صرف ایک فتح نصیب ہوئی، 4 میں شکست جبکہ 2 میچز ڈرا ہوئے، ناقص کارکردگی کے سبب ٹیم سپر8 میں جگہ بھی نہیں بنا سکی تھی، سعد علی نے ایونٹ میں سب سے زیادہ 957 رنز سکور کیے تھے۔دوسری جانب یو بی ایل کی جگہ قائد اعظم ٹرافی میں نیشنل بینک کو شامل کیے جانے کا امکان بھی روشن ہو گیا، اس ضمن میں جلد پی سی بی کا کوئی فیصلہ سامنے آسکتا ہے، ایونٹ کا آغاز یکم ستمبر سے ہوگا۔

ای پیپر-دی نیشن