ایران کو جوہری ہتھیار حاصل کرنے سے ہر صورت روکا جائیگا: امریکی وزیر خا رجہ
واشنگٹن+تہران(این این آئی+ آن لائن)امریکی وزیرخارجہ مائیک پومپیو نے کانگریس کے اجلاس میں ایران کے جوہری پروگرام کے حوالے سے اپنے اصولی موقف کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایران یورینیم افزودگی کی مقداربڑھا رہا ہے مگر ہم ایران کو کسی صورت میں جوہری ہتھیار حاصل نہیں کرنے دیں گے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق امریکی وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ یورینیم افزودگی کی مقدار میں اضافے کے حوالے سے ایرانی رپورٹس کا جائزہ لے رہے ہیں۔ایران کو جوہری ہتھیاروں کی تیاری سے ہرصورت میں روکیں گے۔اْنہوں نے کہا کہ ایران کو بھی ہمارے عزم کا اندازہ ہے کہ امریکہ تہران کو من مانی کرنے کی اجازت نہیں دے گا۔روس کی طرف سے امریکی صدارتی انتخابات میں مبینہ مداخلت کے بارے میں بات کرتے ہوئے مائیک پومپیو نے کہا کہ میں نے ذاتی طورپر روس کو امریکی انتخابات میں مداخلت پر خبردار کیا تھا۔16 جولائی کو امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور ان کے روسی ہم منصب ولادی میر پیوٹن کے درمیان ہونے والی ملاقات پر تنازع کی شدت کم کرتے ہوئے مائیک پومپیو نے کہا کہ میں نے روسیوں کو خبر دار کیا تھا کہ ہمارے جمہوری عمل میں مداخلت کے خطرناک نتائج سامنے آسکتے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ گیند اب روس کے کورٹ میں ہے۔ امریکہ نے اپنے حصے کا کام کردیا ہے۔ مائیک پومپیو نے کہا کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو اچھی طرح معلوم ہے کہ انہیں ملک کو درپیش چیلنجز سے کیسے نمٹنا ہے۔شمالی کوریا کے جوہری ہتھیاروں کے بارے میں بات کرتے ہوئے امریکی وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ شمالی کوریا کے ایٹمی ہتھیاروں کی تلفی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ شمالی کوریا کے ساتھ بات چیت کا کوئی نتیجہ ضرور نکلنا چاہیے۔ ہم ایسے مذاکرات کے حامی نہیں جو کسی مقام پرختم نہ ہوں۔ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان بہرام قاسمی نے کہا ہے کہ ایران دھمکیوں کے سائے میں امریکہ کے ساتھ یک طرفہ مذاکرات نہیں کرے گا۔آج بھی ماضی کی طرح امریکی حکام پر مذاکرات کا بھروسہ نہیں کیا جاسکتا لہذا امریکہ کو چاہئے کہ وہ اپنی حیثیت اور پوزیشن دیکھ کر ایران کے مقام و مرتبے پر بات کرے۔غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق وزارت خارجہ کے ترجمان بہرام قاسمی نے کہا کہ ایرانی قوم ایک مہذب اور بہادر قوم ہے جو دھمکیوں کا جواب دھمکی سے اور عزت و احترام کا جواب عزت سے دے سکتی ہے۔ امریکہ بھول جائے کہ وہ دھمکیاں دے کر ایران کو مذاکرات پر مجبور کر سکے گا۔ہم دباؤ، بدمعاشی اور ناجائز مطالبات کے سامنے نہیں جھکیں گے۔بہرام قاسمی نے کہا کہ آج بھی ماضی کی طرح امریکی حکام پر مذاکرات کا بھروسہ نہیں کیا جاسکتا لہذا امریکہ کو چاہئے کہ وہ اپنی حیثیت اور پوزیشن دیکھ کر ایران کے مقام و مرتبے پر بات کرے۔واضح رہے کہ امریکہ کی جانب سے ایرانی جوہری ڈیل سے نکل جانے کے بعد دونوں ممالک کے درمیان تعلقات میں شدید کشیدگی پیدا ہوئی ہے جبکہ حالیہ کچھ روز میں دونوں جانب سے سخت بیانات کا تبادلہ بھی دیکھا گیا ہے۔