• news

مری : ووٹوں کی فوری دوبارہ گنتی‘ سینکڑوں افراد آر او آفس پہنچ گئے

مری (نامہ نگار خصوصی) حلقہ این اے 57 اور پی پی 6 میں سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی اور رکن صوبائی اسمبلی اشفاق سرور کی طرف سے دوبارہ گنتی کےلئے ریٹرننگ آفیسر کو درخواست دیئے جانے کے بعد جھیکا گلی کے کورٹس کمپلیس میں واقع ریٹرنگ آفیسر کے دفتر پہنچنے والے سینکڑوں افراد کی موجودگی اور کسی بھی متوقع امن و امان کی صورتحال کے پیش نظر وہاں فوج کے دستے نے پوزیشنیں سنبھال لی ہے تا کہ کوئی بھی غیر یقینی صورتحال پیدا نہ ہو۔ فوج کی مدد سول انتظامیہ کی جانب سے طلب کی گئی۔ جمعہ کے روز ان دونوں حلقوں میں امیدواروں کی جانب سے سینئر وکیل اسد اقبال عباسی ایڈووکیٹ نے اپنے امیدواروں کے تحفظات کے تحت دوبارہ گنتی کی درخواستیں متعلقہ افسر کے پاس جمع کروئیں ۔ اس موقع پر شاہد خاقان عباسی اور راجہ اشفاق سرور کی جانب سے مذکورہ وکیل سمیت مسلم لیگی رہنماءحافظ عثمان عباسی، راجہ دفتر عباسی، اصغر عباسی، راجہ عتیق سرور اور ان کے سینکڑوں حمایتی وہاں موجود تھے۔ وہاں جمع ہونے والے لاتعداد ووٹروں کا مطالبہ تھا کہ انتخابات میں دھاندلی ہوئی ہے جس کے پیش نظر حلقہ میں ووٹوں کی ازسرنو گنتی فوری طور پر شروع کی جائے جبکہ الیکشن کے متعلقہ افسران نے مسلم لیگی کارکنوں کو بتایا کہ گنتی ہفتہ کے روز ہو گی جبکہ کارکن مظاہرہ کر رہے تھے کہ گنتی فوری کی جائے جس سے کشیدگی پیدا ہو گئی۔ ادھر جمعہ کی رات گئے تک ”پوسٹل ووٹوں کی گنتی میں غیر سرکاری نتائج کے مطابق تحریک انصاف نے برتری حاصل کی۔ فریقین کو ازسرنو ووٹوں کی گنتی کے بارے میں نوٹس جاری کر دیا گیا ہے جس کے مطابق گنتی ہفتہ کو یعنی آج دوبارہ کرائی جائے گی۔ معروف قانون اسد اقبال عباسی ایڈووکیٹ کے مطابق اب تک جن بھی حلقوں میں دوباہ گنتی کی گئی ن لیگ کے امیدوا ر کامیاب قرار پائے ہیں۔ دیگر حلقوںکی طرح این اے 57 اور پی پی 6 میں بھی دھاندلی کے ثبوت موجود ہیں اور کئی پولنگ سٹیشنوں پر فارم 45 پولنگ ایجنٹوں کو فراہم نہیں کئے گئے۔ دریں اثناءیہ بھی معلوم ہوا ہے کہ مسلم لیگ کے کارکنوں کی بڑی تعداد آر او آفس کے باہر آخری اطلاعات تک موجود تھی۔
مری مطالبہ

ای پیپر-دی نیشن