معاشی مسائل عمران کا انتظار کر رہے ہیں‘ بلوم برگ‘ آئی ایم ایف کے پاس جانا پڑے گا : موڈیز
اسلام آباد (آئی این پی+ صباح نیوز) معروف عالمی جریدے بلوم برگ نے کہا ہے کہ معاشی مسائل عمران خان کا انتظارکر رہے ہیں، پاکستان کا آئی ایم ایف سے قرض لینا کٹھن مرحلہ ہوگا، رپورٹ میں نئی حکومت کو درپیش چیلنجز کا ذ کر کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ جاری کھاتوں کا بڑھتا ہوا خسارہ حکومت کے لئے پریشانی کا باعث ہوگا، نئی حکومت کو گرتے ہوئے زرمبادلہ کے ذخائر کو سہارا دینا ہوگا۔ موجودہ حالات میں پاکستان کو فوری طور پر 10 سے 15 ارب ڈالر کی ضرورت پڑے گی، جس کے لئے آئی ایم ایف کا دروازہ کھٹکھٹانا پڑسکتا ہے مگر آئی ایم ایف سے قرض لینا کٹھن مرحلہ ہوگا، آئی ایم ایف اصلاحاتی ایجنڈا پر عملدرآمد کرائے گا، جس میں نجکاری اور ٹیکس نیٹ میں اضافہ بھی شامل ہے، آئی ایم ایف پروگرام سے معاشی ترقی کی شرح متاثر ہو سکتی ہے۔ دوسری جانب ریٹنگ ایجنسی موڈیز نے کہا ہے کہ نئی حکومت کے لئے بڑا چیلنج ٹیکس بیس کا وسیع نہ ہونا ہے۔ موڈیز نے الیکشن پر تبصرہ کیا ہے کہ پی ٹی آئی دیگر چھوٹی جماعتوں اور آزاد امیدواروں کے ساتھ مل کر حکومت بنائے گی، پی ٹی آئی نے بنیادی سہولتوں پر اخراجات بڑھانے، ٹیکسوں کی شرح اور توانائی کی قیمتیں کم کرنے کے وعدے کئے ہیں۔ موڈیز کے مطابق حکومت کے لیے بڑا چیلنج ٹیکس بیس کا وسیع نہ ہونا ہے جبکہ بیرونی ادائیگیوں کی صورتحال بھی بڑا چیلنج ہے، اس صورتحال کی وجہ سے زری اور مالیاتی پالیسیوں کو سخت کرنا ہوگا۔ ادائیگیوں کی فنانسنگ کے لئے آئی ایم ایف پروگرام میں جانا پڑے گا، روپے کی قدر میں بھی کمی ہوسکتی ہے۔ پاکستان کی عالمی منڈیوں میں مسابقت کم ہے، ناقص گورننس اداروں کو کمزور کر رہی ہے اور کرپشن کا مسئلہ ہے، جسے بہتر کرنا حکومت کے لیے بڑا چیلنج ہے۔ سی پیک منصوبے کی وجہ سے بجلی اور انفراسٹرکچر کی صورت حال بہتر ہوئی ہے۔
بلوم برگ/ موڈیز