یمن میں آپریشن ،25 حوثی باغی ، 15فوجی ہلاک ، متعدد زخمی
الملاجم(آئی این پی)یمن کے صوبہ البیضا میں سرکاری فوج کی تازہ کارروائی کے دوران 25حوثی باغی ہلاک اور 15فوجی جوان شہید ہو گئے۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق یمنی فوج نے صوبہ البیضا میں واقع ضلع الملاجم کو حوثی باغیوں کے قبضے سے مکمل طور پر آزاد کرانے کے لیے گزشتہ صبح ایک تازہ کارروائی شروع کی ہے جس میں25 حوثی جنگجو ہلاک اور 15 سرکاری فوجی جاں بحق ہوگئے ہیں ۔مغربی یمن میں بیہان بریگیڈ کے کمانڈر جنرل مفریح بہا اللہ کے مطابق حوثیوں کے خلاف کارروائی الحجفہ کے علاقے سے شروع کی گئی تھی اور سرکاری فوج عفر تک پہنچ گئی ہے۔ 40 کلومیٹر کا علاقہ آزاد کرا لیا گیا ہے۔ البیضا کی مکمل آزادی اب تھوڑے ہی وقت کا معاملہ رہ گیا ہے جبکہ یمن کے تمام علاقوں کی آزادی تک حوثیوں کے خلاف فوجی کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی۔