پرامن اور شفاف الیکشن کے انعقاد میں تمام سٹیک ہولڈرز نے کردار بخوبی نبھایا: وزیر قانون
لاہور(وقائع نگار خصوصی) صوبائی وزیر قانون و خزانہ ضیاء حیدر رضوی نے پُر امن اور شفاف الیکشن کے انعقاد میں تمام سٹیک ہولڈز نے اپنا کرداربخوبی نبھایا ۔ الیکشن کے دوران نہ صرف امن و امان کی صورتحال کنٹرول میں رہی بلکہ پولنگ سٹیشنوں پر کیے گئے دیگر انتظامات بھی تسلی بخش تھے ۔ پولنگ کا آغاز مقررہ وقت پر کیا گیا جبکہ انتخابی عمل بھی آخر وقت تک جاری رکھا گیا۔ بہترین کارکردگی کے مظاہرہ پر تما م سول اور ملٹری اداروں کے شکرگزار ہیں اور اُنھیں خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ لاہور ہائی کورٹ بار میں ممبران سے ملاقات کرتے ہوئے صوبائی وزیر نے اُمید ظاہر کی کہ منتخب حکومت عوامی مینڈیٹ کا احترام کرے گی اور ووٹ کوصحیح معنوں میں عزت دے گی۔ بار کے نمائندگان نے صوبائی وزیر کا پر تپاک استقبال کیا اور نگران حکومت کو پورے عبوری دور میں عمدہ کارکردگی اور کامیاب الیکشن کے انعقاد پر مبارکباد پیش کی۔ اُنہوں نے الیکشن کے نتائج پر بھی اطمینان کا اظہار کیا۔