کلورکوٹ،خواتین کے ووٹ کاسٹ کو یقینی بنانے پر ڈی پی او بھکر کو آئی جی کی شاباش
لاہور(نامہ نگار)آئی جی پنجاب ڈاکٹر سید کلیم امام نے بھکر کے دور افتادہ پولنگ سٹیشن مانجھڑ ، جنڈانوالہ تحصیل کلورکوٹ میں خواتین کے بلا خوف خطر پُرامن ماحول میں ووٹ کاسٹ کرنے کو یقینی بنانے پر ڈی پی او بھکر خرم شکور اور انکی ٹیم کو شاباش دی ہے۔ قومی اسمبلی کے حلقہ NA97اور صوبائی اسمبلی کے حلقہ PP89واقع جنڈانوالہ، تحصیل کلورکوٹ ضلع بھکر کے مانجھڑ پولنگ اسٹیشن پر 1997کے جنرل الیکشن میںدو مخالف گروپوں میں تصادم کے دوران خواتین کو نشانہ بنائے جانے کے بعد مقامی عمائدین نے خواتین کو ووٹ کاسٹ کرنے سے منع کردیا تھا جس کے بعد 2002 ،2008 اور 2013 میںہونے والے تمام انتخابات میں خواتین نے اپنا حق رائے دہی استعمال نہیں کیا تھا جس پر ڈی پی او بھکر خرم شکور نے SDPOکلور کوٹ محمد طاہر اور SHOجنڈانوالہ انسپکٹر محمد شمشیرکو مقامی عمائدین کے ساتھ بات چیت کرنے کے لئے ہدایت کی۔ پولیس ٹیم نے کامیاب مذاکرات کے بعد عمائدین کو خواتین کے ووٹ کاسٹ کرنے پر قائل کرلیا جس کے بعد 25جولائی کوخواتین نے 21برس بعد دوبارہ اپنا حق رائے دہی محفوظ ماحول میں بلا خوف و خطراستعمال کیا ۔آئی جی پنجاب نے کہا کہ ایمانداری و جانفشانی سے پیشہ ورانہ فرائض ادا کر نے والے افسران و اہلکار محکمے کا قابل فخر سرمایہ ہیں