• news

عدالتوں کی سکیورٹی و پارکنگ مسائل کے حل کیلئے کمیٹی قائم

لاہور (سپیشل رپورٹر) چیف سیکرٹری پنجاب اکبر درانی نے لاہور میں عدالتوں کی سیکیورٹی اور پارکنگ کے مسائل کے حل کیلئے کمیٹی قائم کر دی۔ کمشنر لاہور ڈویژن کی سربراہی میں قائم کی گئی کمیٹی وکلاء کے مسائل کے حل کیلئے تجاویز پیش کریگی۔ کمیٹی ممبران میں لاہور ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن اور لاہور بار ایسو سی ایشن کے عہدیداران شامل ہونگے۔ وکلاء کے مسائل کے حل کیلئے لاہور بار ایسوسی ایشن کی جانب سے پیش کی گئی تجاویز پر غور کیلئے اجلاس چیف سیکرٹری پنجاب کی زیر صدارت سول سیکرٹریٹ میں منعقد ہوا۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے چیف سیکرٹری پنجاب نے کہا کہ عدالتی نظام کے استحکام اور عوام کو فوری اور سستے انصاف کی فراہمی کے لئے وکلاء کا کردار نہایت اہم ہے۔ اُنہوںنے اُمید ظاہر کی کہ بار ر ایسوسی ایشنز نظام کی بہتری اور عام آدمی کو انصاف کی فراہمی کے سلسلے میں اپنا بھر پور کردار جاری رکھیں گی۔ اجلاس میں ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ، چیئرمین پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ، محکمہ تعمیرات و مواصلات، ہائوسنگ، قانون، تعلیم، صحت کے ایڈمنسٹریٹو سیکرٹریز، انسپکٹر جنرل آف پولیس، کمشنر لاہور ڈویژن، لاہور بار ایسوسی ایشن کے سینئر نائب صدر فواد رامے،جنرل سیکرٹری ملک سہیل مرشد اور دیگر عہدیداران نے شرکت کی۔

ای پیپر-دی نیشن