22 پٹرول پمپ سائٹس کی نیلامی کی تیاریاں شروع
لاہور (خصوصی نامہ نگار) سپریم کورٹ کی طرف سے شہر کی 22پٹرول پمپ سائٹس کی لیز کی نیلامی کی اجازت ملنے پر لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی نے نیلام عام کی تیاریاں شروع کر دی ہیں ۔ایل ڈی اے نے نیلامی کی شرائط و ضوابط کو حتمی شکل دے دی ہے جو آج سپریم کورٹ میں پیش کی جائیں گی ۔ مذکورہ سائٹس آئل کمپنیوں کوکئی برس پہلے چند ہزارروپے سالانہ کے عوض لیز پر دی گئیں تھیں۔ ان سب کی لیز کی طے شدہ مدت بھی عرصہ قبل ختم ہو چکی تھی اور دسمبر 2009ء کے بعد ایل ڈی اے کو ان کی طرف سے کوئی رقم جمع نہیں کروائی گئی۔ انہو ں نے حکم امتناعی کی آڑ میں یہاں ناجائز قبضہ کر رکھا تھا اور ان کی طرف سے یہاں کاروبار جاری رکھنے کا کوئی قانونی جواز نہ تھا۔ کوئی رقم وصول نہ ہونے کے باعث یہ جگہیں قومی خزانے کے لئے مسلسل مالی نقصان کا باعث بن رہی تھیں۔ واضح رہے کہ لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی نے یہ جگہیں پاکستان سٹیٹ آئل اور شیل پاکستان کو چند ہزارروپے سالانہ کے عوض صرف تین سال کی مدت کے لئے لیز پر دی تھیں۔مذکورہ کمپنیوں نے بعد ازاں ان جگہوں کو غیر قانونی طور پر ڈیلروں کو کرائے پر دے دیا (sub let کر دیا) جو لیز کے نام پر بہت ہی کم نرخوں میں فائدہ اٹھاتے رہے۔یہ تمام پٹرل پمپ سائٹس مروجہ قانون کے تحت نیلام کی جائیں گی۔یاد رہے کہ 14جون 2010ء کو کھلی نیلامی کے دوران گلبرگ میںواقع ایل ڈی اے کی ایک پٹرول پمپ سائٹ 98لاکھ 60ہزار روپے فی کنال سالانہ پرالاٹ کی گئی جو اس سے قبل صرف 2لاکھ روپے سالانہ پر دی گئی تھی۔ اس نیلامی کے نتیجے میں ایل ڈی اے کو پانچ کروڑ روپے آمدنی ہوئی تھی۔