• news

پیپلز پارٹی نے مرکز میں مخلوط حکومت بنانے کی تجویز مسترد کر دی

کراچی (نوائے وقت رپورٹ+ این این آئی+ آن لائن) بلاول بھٹو زرداری اور آصف علی زرداری نے وفاق میں حکومت بنانے کی تجویز مسترد کر دی۔ ذرائع کے مطابق تجویز مسلم لیگ ن اور پی پی پی کے قریبی سیاسی رہنما نے دی تھی تاہم آصف زرداری نے مختلف جماعتوں سے ملکر حکومت بنانے سے انکار کر دیا۔ پی پی قیادت نے کہا بدترین دھاندلی ہوئی لیکن بدلے میں غلط روایت نہیں ڈالیں گے۔ این این آئی کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے سیاسی جماعتوں سے رابطوں کیلئے کمیٹی تشکیل دےدی۔ ترجمان بلاول ہاﺅس کے مطابق کمیٹی میں سید یوسف رضاگیلانی، سید خورشید شاہ، شیری رحمان ،فرحت اللہ بابر ،راجہ پرویز اشرف، سید نوید قمر اور قمر زمان کائرہ شامل ہیں ۔کمیٹی عام انتخابات میں تحفظات کے حوالے سے بات چیت کرے گی اور دوسری سیاسی جماعتوں سے مل کر آئندہ کا لائحہ عمل طے کرے گی۔ آن لائن کے مطابق پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے حکومت کو ٹف ٹائم دینے اور انتخابات کی صورت حال پر مشاورت کے لئے اہم رہنماﺅں کا اجلاس تین اگست کو اسلام آباد میں طلب کر لیا۔
پیپلزپارٹی/ انکار

ای پیپر-دی نیشن