منی لانڈرنگ کیس‘ زرداری‘ فریال تالپور پھر ایف آئی اے میں پیش نہ ہوئے‘ سابق صدر کی بہن نے 20 لاکھ روپے زرضمانت جمع کروا دیا
کراچی (سٹاف رپورٹر + نوائے وقت رپورٹ) منی لانڈرنگ کیس میں سابق صدر آصف علی زرداری اور ان کی بہن فریال تالپور ایک بار پھر ایف آئی اے میں پیش نہیں ہوئے انہوں نے ایف آئی اے کی جے آئی ٹی کے سامنے پیش ہونے کیلئے مزید 15 دن کی مہلت کی استدعا کی ہے۔ وفاقی تحقیقات ادارے (ایف آئی اے) نے 35 ارب روپے کے منی لانڈرنگ کیس میںآصف زرداری اور ان کی بہن فریال تالپور کو ہفتہ کے روز کمرشل بینکنگ سرکل میں طلب کیا تھا جہاں متوقع طور پر جے آئی ٹی نے دونوں سے پوچھ گچھ کرنی تھی تاہم دونوں رہنما پیش نہیں ہوئے۔ فریال تالپور کی جانب سے ان کے وکیل فاروق ایچ نائیک کی کمپنی کے ایڈووکیٹ مزمل قریشی ایف آئی اے زونل ڈائریکٹریٹ میں پیش ہوئے اور نئی تاریخ دینے کی درخواست کرتے ہوئے کہاکہ ان کی موکلہ بینکنگ کورٹ میں اپنی عبوری ضمانت کی توثیق میں مصروف ہیں اس لئے ایف آئی اے کے سامنے حاضر نہیں ہو سکتیں انہیں ایف آئی اے کی جے آئی ٹی کے سامنے پیش ہونے کےلئے کوئی اور تاریخ دی جائے۔ واضح رہے کہ انہیں 11 جولائی کو بھی طلب کیا گیا تھا۔ مزید براں پیپلز پارٹی کی رہنما اور نومنتخب رکن سندھ اسمبلی فریال تالپور نے منی لانڈرنگ کیس میں 20 لاکھ روپے زرِضمانت جمع کرا دئیے ہیں۔ ایف آئی اے کی جانب سے درج کئے گئے منی لانڈرنگ کیس میں عدالت نے ضمانت منظور کرنے کے ساتھ زر ضمانت کے طور پر 20 لاکھ روپے کے مچلکے ذاتی حیثیت میں جمع کرانے کی ہدایت کی تھی۔ فریال تالپور اپنے وکیل فاروق ایچ نائیک کے ہمراہ جسٹس عبدالرشید سومرو اور جسٹس ارشاد علی شاہ پر مشتمل ڈویژن بنچ کے سامنے پیش ہوئیں اور آئین کے آرٹیکل 199 کے تحت ضمانت قبل از گرفتاری کےلئے آئینی درخواست دی۔ فریال تالپور کی جانب سے ایک ماہ کی حفاظتی ضمانت دیئے جانے کی درخواست کی گئی تھی تاہم بنچ نے ان کی درخواست سے اتفاق نہیں کیا بعدازاں ان کے وکلا نے 15 دن کےلئے حفاظتی ضمانت کی درخواست کی۔ صباح نیوز کے مطابق منی لانڈرنگ کیس میں عدالت نے 7 اگست تک فریال تالپور کی عبوری ضمانت منظور کررکھی ہے۔ نوائے وقت رپورٹ کے مطابق 29 جعلی اکاﺅنٹس کے ذریعے منی لانڈرنگ کے معاملے پر ایف آئی اے کی جے آئی ٹی کا اجلاس ہوا۔ آصف علی زرداری اور فریال تالپور ایف آئی اے میں پیش نہیں ہوئے۔ نجی ٹی وی کے مطابق آصف زرداری اور فریال تالپور نے پیشی کیلئے 15 روز کا وقت مانگ لیا۔ ایف آئی اے نے پیر کو جے آئی ٹی کا تیسرا اجلاس طلب کرلیا جس میں دونوں رہنماﺅں کو وقت دینے کے حوالے سے بات ہوگی۔
منی لانڈرنگ کیس