• news

ساہیوال : انتخابی رنجش‘ مسلم لیگ اور تحریک انصاف میں تصادم‘ ایک کارکن جاں بحق چار زخمی

ساہیوال+ اوکاڑہ (ایجنسیاں) ساہیوال میں دو سیاسی جماعتوں کے درمیان جھگڑے کے نتیجے میں ایک سیاسی کارکن جاں بحق جبکہ 4زخمی ہو گئے، پولیس نے مقدمہ درج کرلیا۔ مسلم لیگ(ن) اور تحریک انصاف کے کارکنوں کے تصادم کا واقعہ گاﺅں محمد پور میں پیش آیا۔ انتخابی رنجش تصادم کا سبب بنی۔ پولیس نے بتایا ہے کہ جاں بحق ہونے والا پی ٹی آئی کارکن ہے جس کا نام مظہر خاں ہے جبکہ واقعہ میں 4 افراد زخمی بھی ہوئے جنہیں ہسپتال منتقل کیا گیا۔ واقعات کے مطابق آبادی عظیم خاں محمد پور کے فیصل خاں اور مظہر خاں مردانہ پٹرول پمپ علی فلنگ سٹیشن پر ڈیزل لینے گئے تو مسلم لیگ (ن) کے دو بھائیوں فیضان اور ہارون نے نعیم اور احمد یار وغیرہ کے ساتھ گھیرا ڈال کر تحریک انصاف کے امیدوار کے ہارنے پر بھنگڑا ڈالا اور نعرے بازی کی جس پر جھگڑا ہوگیا اور درجنوں افراد موقع پر آگئے اور فیصل خاں وغیرہ کو چھڑا کر گھر بھیج دیا لیکن نعیم، احمد یار، فیضان اور ہارون نے اپنے چار ساتھیوں کے ہمراہ تعاقب کرکے فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں مظہر خاں مردانہ موقع پر جاں بحق جبکہ چار کارکن آصف، محمد زاہد، غلام عباس نذیر اور غلام عباس مالے خاں گولیاں لگنے سے شدید زخمی ہوگئے۔ پولیس نے نعش پوسٹ مارٹم کے بعد ورثا کے حوالے کر دی جبکہ ملزم ہارون،فیضان سمیت 9افراد کے خلاف مقدمہ درج کر لیا، جن کی گرفتاری کیلئے چھاپے جاری ہیں۔ اوکاڑہ پولیس نے بلدیہ اوکاڑہ کے کونسلر محمد اکرم طاہر کو آتش بازی کے الزام میں گرفتار کر لیا۔مسلم لیگ (ن) کے نو منتخب ایم این اے چوہدری ریاض الق جج اور ایم پی اے چوہدری منیب الحق نے کونسلر اکرم طاہر کی گرفتاری پر مظاہرین کے ہمراہ شدید احتجاج کیا۔مظاہرین کا مو قف تھا کہ جب کونسلر کو گرفتار کیا گیا اس وقت اوکاڑہ میں2گھنٹے سے بارش ہورہی تھی جس کے باعث آتش بازی کرنا ممکن نہیں تھا،ہمیں انتقامی کارروائیوں کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔ پولیس نے کہاہے کہ گرفتار کیے گئے بلدیہ کے کونسلر اکرم طاہر قانون شکنی میں ملوث ہیں۔
کارکن قتل

ای پیپر-دی نیشن