نومنتخب ارکان کو حلف اٹھانا چاہیے یا نہیں‘ مسلم لیگ ن اے پی سی کی تجویز پر آج فیصلہ کریگی
لاہور (خصوصی رپورٹر) قومی اسمبلی میں نومنتخب ارکان حلف اٹھانے یا نہ اٹھانے کے حوالہ سے اے پی سی کی تجویز پر غور کے لیے پاکستان مسلم لیگ ( ن ) کی مرکزی مجلس عاملہ اور پارلیمانی پارٹی کا اجلاس آج ( اتوار ) کو لاہور میں طلب کر لیا گیا ۔ نجی ٹی وی ذرائع کے مطابق پارٹی صدر میاں محمد شہباز شریف کی صدارت میں ہونے والے اجلاس میں مشاورت کے بعد اے پی سی رہنماؤں کو فیصلہ سے آگاہ کیا جائے گا ۔ اجلاس میں مبینہ دھاندلی کے خلاف احتجاج کی حکمت عملی پر بھی مشاورت ہو گی ۔ شہباز شریف نے پارٹی کی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی اور پارلیمانی پارٹی کا اجلاس آج ( اتوار ) کو شام 4 بجے لاہور میں طلب کیا ہے ۔ مشاورتی اجلاس میں قومی اسمبلی میں حلف اٹھانے یا نہ اٹھانے کے حوالہ سے فیصلہ کیا جائے گا جبکہ اجلاس میں پنجاب میں حکومت سازی اور مستقبل میں احتجاج کی حکمت عملی پر بھی مشاورت کی جائے گی جبکہ قومی اسمبلی میں نومنتخب ارکان حلف نہ اٹھانے کے حوالہ سے اڈیالہ جیل میں قید سابق وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف سے بھی مشاورت کی جائے گی ۔ اس حوالہ سے پارٹی کے سینئر رہنما اڈیالہ جیل میں نواز شریف سے ملاقات کریں گے اور ان سے مشاورت کریں گے جس کی روشنی میں حتمی فیصلہ کیا جائے گا اور پھر اے پی سی رہنماؤں کو فیصلہ سے آگاہ کیا جائے گا ۔
مسلم لیگ ن‘ فیصلہ