• news

عوام نے مسلم لیگ (ن) اور اتحادیوں کو مسترد کر دیا: مسرت جمشید چیمہ

لاہور (لیڈی رپورٹر) تحریک انصاف ویمن ونگ ایگزیکٹو کونسل کی ممبر مسرت جمشید چیمہ نے کہا ہے کہ عام انتخابات کے نتائج سے سٹیٹس کو کی حامی قوتوں کو شدید دھچکا لگا ہے، عمران خان واضح کہہ چکے ہیں کہ دھاندلی کی شکایت پر کوئی بھی حلقہ کھولنے کیلئے تیار ہیں لیکن اس کے باوجود احتجاج کی دھمکیاں دینا ناقابل فہم ہے، مسلم لیگ(ن) اور ان کے اتحادی مولانا فضل الرحمن کو عوام نے مسترد کیا ہے اور انہیں ووٹ کے فیصلے کو تسلیم کرنا چاہئے ۔ ان خیالات کا اظہارا نہوں نے حلقہ این اے 127کی انتخابی مہم چلانے والی خواتین کے وفد سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ مسرت چیمہ نے تمام خواتین رہنمائوں اور کارکنوںکا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے حلقے کے تمام لوگوں سے اسی طرح رابطے جاری رکھنے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کے خطاب سے عوام کو ایک امید کی کرن نظر آئی ہے ،بنیادی مسائل کو حل کرنے کیلئے دن رات ایک کر دیں گے اور کوئی کسر اٹھا نہیں رکھی جائے گی ، ہماری ترجیح سب سے پہلے کروڑوں عوام کو خط غربت کی لکیر سے اوپر لانا ہے اور اس کے ساتھ ہم ترقیاتی منصوبوں اور انفرا سٹر اکچر پر بھی توجہ دیں گے۔ انہوںنے کہا کہ امریکہ ،برطانیہ ،چین او ر سعودی عرب سمیت تمام ممالک نے عمران خان کو کامیابی پر مبارکبا دی ہے اور مستقبل میں ساتھ چلنے کے عزم کا اظہار کیا ہے جو پوری قوم کیلئے خوشی کا باعث ہے ۔

ای پیپر-دی نیشن