زرداری بھی پمز میں نواز شریف والے وارڈ میں زیر علاج رہے، لیگی کارکن عیادت کیلئے پہنچ گئے
اسلام آباد (سپیشل رپورٹ+ وقائع نگارخصوصی) دارالحکومت کے سرکاری ہسپتال پمز میں سابق صدر آصف علی زرداری بھی طویل عرصہ زیرعلاج رہے ہیں۔ صدر زرداری بھی پمز کے پرائیویٹ وارڈ میں 90ءکی دہائی میں زیرعلاج رہے۔ انہیں مسلم لیگ (ن) کی دوسری حکومت میں نیب کیسز میں گرفتار کیا گیا تھا۔ جس کے بعد وہ پمز میں منتقل ہو گئے تھے۔پمز میں سابق وزیراعظم نواز شریف کا معائنہ سینئر کارڈیالوجسٹ ڈاکٹر نعیم ملک نے کیا۔ انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز پمز میں منتقل کیا گیا۔ نواز شریف کے ذاتی معالج ڈاکٹر عدنان بھی پمز میں معائنہ کے دوران موجود رہے۔دریں اثنا نواز شریف کے پمز ہسپتال پر پہنچنے پر کثیر تعداد میں مسلم لیگی کارکن پہنچ گئے۔ گوجر خان سے مسلم لیگی رہنما چودھری ریاض‘ وزیراعلیٰ گلگت و بلتستان حفیظ الرحمنٰ‘ سردار ممتاز‘ حاجی شکیل‘ انور بلتی‘ عابد اﷲ سمیت متعدد کارکنوں نے پمز ہسپتال آمد پر میاں نواز شریف زندہ باد کے نعرے لگائے۔ اس موقع پر متعدد کارکنوں نے گلدستے اٹھا رکھے تھے۔ اس موقع پر پی ٹی آئی کے ایک کارکن کی جانب سے نواز شریف کے خلاف نعرے لگانے پر مسلم لیگی کارکنوں نے اس کی پٹائی کر دی۔ میاں نواز شریف کو عقبی راستے سے امراض قلب کی وارڈ میں لایا گیا جو پہلے ہی خالی کرا لی تھی۔ سخت حفاظتی انتظامات میں میاں نواز شریف کو لایا گیا۔ کسی کارکن کو امراض قلب کی وارڈ کی طرف جانے نہیں دیا گیا۔ اس موقع پر چودھری ریاض نے کہا کہ میاں نواز شریف کی علالت سے پاکستان کے کروڑوں عوام متفکر ہیں ہم ان سے اظہار یکجہتی کے لئے ہسپتال آئے ہیں۔
نوازشریف/ زرداری کمرہ