فیروز والا: معمولی جھگڑے پر چار بھائیوں نے نوجوان کو قتل کردیا
فیروز والا (نامہ نگار) چکوک ایریا میں معمولی جھگڑے کا بدلہ لینے کی خاطر چار سگے بھائیوں نے ساتھیوں کی مدد سے حملہ کرکے نوجوان جمشید اصغر کو ہلاک کردیا، ملزمان فرار ہوگئے۔ بتایا گیا ہے کہ قصبہ ناظر چند روز قبل جمشید اصغر اور ذوالفقار علی کے درمیان معمولی بات پر تلخ کلامی ہوگئی جس پر لوگوں نے بچائو کردیا۔ مگر اس رنج کی بناء پر ذوالفقار علی، عاشق وغیرہ نے مسلح ہوکر آہنی راڈ مار کر نوجواان جمشید اصغر کو شدید زخمی کردیا جسے طبی امداد کے لئے ہسپتال لایا گیا جہاں پر وہ دم توڑ گیا۔ صدر پولیس نے واقعہ کا مقدمہ درج کرلیا۔ جی ٹی روڈ کی آبادی مشتاق پارک میں ادھار کی رقم مانگنے پر نوجوان مبشر نے شراب پی کر گولی مار کر دکاندار کے بھائی نوجوان محمد طارق کو ہلاک کردیا۔ ملزم فرار ہوگیا۔ بتایا گیا ہے کہ دکاندار دلاور نے مبشر کو ادھار دینے سے انکار کیا اور اس سے ادھار کے پیسے مانگے تو تلخ کلامی ہوگئی۔ دکاندار کے بھائی طارق نے مداخلت کرکے معاملہ رفع دفع کردیا مگر ملزم مبشر گولی مار کر طارق کو ہلاک کردیا اور فرار ہوگیا۔