تحریک انصاف کی تاریخی کامیابی سے مخالفین کی نیندیں حرام ہو چکی: چوہدری ظہیر الدین
بچیانہ(نمائندہ نوائے وقت)پی ٹی آئی کے نو منتخب ایم پی اے چوہدری ظہیر الدین نے کہا کہ پی ٹی آئی کی تاریخی کامیابی سے مخالفین کی نیندیں اُڑ چکی ہیں۔ انتخابات کا دوبارہ مطالبہ کرنے والوں کی اے پی سی بری طرح ناکام ہوئی ۔دھاندلی کا جھوٹا راگ الاپنے والے جمہوریت کے خلاف سازشوں میں مصروف ہیں۔ وہ گذشتہ روز اپنے ڈیرہ پر مبارکباد دینے آئے ہوئے مختلف دیہات کے وفود سے گفتگو کررہے تھے۔ انہوں نے مزیدکہا کہ سازشی عناصر جمہوری اور پارلیمانی اداروں کے خلاف نام نہاد احتجاج کی دھمکیاں دے کر ملک اور جمہوریت دشمنی پر اتر آئے ہیں۔ جمہوریت اور عوامی مینڈیٹ کے خلاف سڑکوں پر نکلنے والوں کو عوامی غیض و غضب کا سامان کرنا پڑے گا ۔قوم کی واضح اکثریت نے نواز شریف کا بیانیہ مسترد کرتے ہوئے اپنے لئے اچھے حکمران کا انتخاب کرلیا ہے۔اور ہم عوامی امنگوں کی ترجمانی کرتے ہوئے ملک کو ترقی کی راہوں پر گامزن کرنے کیلئے ہرممکن کوشش کرتے ہوئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔