مبینہ دھاندلی، تحریک لبیک کا ملک گیر احتجاج، 6 اگست کو لاہور میں ریلی نکالنے کا اعلان
لاہور (خصوصی نامہ نگار) تحریک لبیک یارسول/ تحریک لبیک پاکستان کی مرکزی مجلس شوریٰ کا اہم اجلاس مرکزی سیکرٹریٹ میں علامہ خادم حسین رضوی کی زیر صدارت ہوا جس میں سرپرست اعلیٰ پیر محمد افضل قادری نے خصوصی شرکت کی۔ اجلاس میں اراکین شوریٰ پیر سید ظہیرالحسن شاہ بخاری، محمد وحید نور، پیر قاضی محمود احمد اعوان، مفتی غلام غوث بغدادی، انجینئر حفیظ اللہ علوی، مولانا فاروق الحسن قادری، مولانا سید فضل رسول شاہ، مولانا محمد اسلم نقشبندی، مولانا قاری محمد ادریس، پیر محمد سرور شاہ سیفی اور مولانا غلام عباس فیضی و دیگر نے بھی شرکت کی۔ اجلاس میں متفقہ طور پر الیکشن رزلٹ پر شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے اسے الیکشن نہیں سلیکشن قرار دیا گیا۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے علامہ خادم حسین رضوی اور پیر محمد افضل قادری نے کہا کہ حالیہ الیکشن تاریخ کی بدترین مبینہ دھاندلی اور قوم کے ساتھ بہت بڑا فراڈ ہے۔ اس بدترین مبینہ دھاندلی اور بے قاعدگی کے خلاف 6 اگست بروز سوموار دن 2 بجے داتا دربار تا پنجاب اسمبلی زبردست احتجاجی مارچ کیا جائے گا۔ ضمنی الیکشن میں تمام قومی و صوبائی سیٹوں پر بھرپور تیاری کے ساتھ حصہ لیا جائے گا اور دھاندلی و بے قاعدگیوں پر کڑی نظر رکھی جائے گی۔ آئندہ بلدیاتی الیکشن کے لئے تحریک لبیک کے تمام امیدوار و کارکن ابھی سے تیاری شروع کردیں۔ تحریک حیران کن نتائج دیتے ہوئے اپنے امیدواروں کو منتخب کروائے گی۔ یوم آزادی کی مناسبت سے گزشتہ سالوں کی طرح اس سال 14 اگست بروز منگل ملک بھر میں عظیم الشان لبیک یا رسول اللہ ریلیوں کا انعقاد کیا جائے گا۔ تحریک لبیک پاکستان عوام کی امیدوں پر پورا اترتے ہوئے ملکی و نظریاتی سرحدوں پر بھرپور پہرا دے گی۔
تحریک لبیک/ احتجاج