• news

وزیراعلیٰ خیبر پی کے کیلئے عاطف خان فیورٹ پرویز خٹک نے 45ارکان شو کرا دئیے فردوس شمیم سندھ میں اپوزیشن لیڈر ہونگے

اسلام آباد (صباح نیوز+آن لائن) تحریک انصاف کے نو منتخب رکن خیبرپی کے اسمبلی عاطف خان کا نام وزیراعلیٰ کے پی کے امیدواروں میں سرفہرست اور فیورٹ ہے تاہم اس حوالے سے جلد اعلان کیا جائیگا۔ذرائع کا کہنا ہے تحریک انصاف کے سینئر رہنماﺅں کی اکثریت نے عاطف خان کے حق میں رائے دیدی ہے جبکہ چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے پرویز خٹک کو قومی اسمبلی کی نشست چھوڑنے سے روکدیا ہے اور اب وزیراعلیٰ خیبرپی کے کیلئے نام کا اعلان جلد کردیا جائیگا۔ ذرائع کے مطابق سپیکر و ڈپٹی قومی اسمبلی سے متعلق بھی اہم پیشرفت سامنے آئی ہے جس کے تحت سپیکر قومی اسمبلی سندھ سے اور ڈپٹی سپیکر پنجاب سے ہوگا، سپیکر قومی اسمبلی کیلئے عارف علوی کا نام پہلی ترجیح پر آگیا ہے جبکہ ڈپٹی سپیکر کا نام بھی جلد طے ہو جائیگا۔ذرائع کا کہنا ہے عمران خان عاطف خان کو گزشتہ دور میں بھی وزیراعلیٰ بنانا چاہتے تھے تاہم پی ٹی آئی کے اتحادی پرویز خٹک کو وزیراعلیٰ دیکھنا چاہتے تھے۔ نوائے وقت رپورٹ کے مطابق خیبر پی کے میں وزیراعلیٰ کے معاملے پر تحریک انصاف کے اندر اختلافات کھڑے ہو گئے۔ ذرائع کے مطابق عمران خان، عاطف خان کو وزارت اعلیٰ کا منصب دینا چاہتے ہیں اور سابق وزیراعلیٰ پرویز خٹک کو قومی اسمبلی میں لانے کی خواہش رکھتے ہیں لیکن پرویز خٹک پیچھے ہٹنے کو تیار نہیں۔ عمران خان پر دباﺅ ڈالنے کیلئے پرویز خٹک نے 45نومنتخب ارکان کا اجلاس بلا لیا۔ 45ایم پی ایز نے پرویز خٹک کو مکمل حمایت کی یقین دہانی کرائی ہے ایم پی ایز نے وفود کی شکل میں عمران خان سے ملاقات کرنے کا فیصلہ کرلیا۔ پرانے ایم پی ایز نے شکوہ کیا عاطف خان کا رویہ ہمارے ساتھ ٹھیک نہیں رہا۔ پرویز خٹک ہمارے لئے موزوں امیدوار ثابت ہوں گے۔ پرویز خٹک نے ایم پی ایز سے گفتگو میں کہا آپ لوگوں کو ٹکٹ میں نے دلوائے۔ ایم پی ایز میں مردان کے سوا صوبے کے تمام ریجنز کے ایم پی ایز موجود تھے۔
وزیراعلیٰ تنازعہ

ای پیپر-دی نیشن