پاکستان کرکٹ بورڈ ڈومیسٹک سیزن کیلئے انڈر 19 ون ڈے چیمپئن شپ کے ڈراز کا اعلان
لاہور(سپورٹس رپورٹر+نمائندہ سپورٹس) پاکستان کرکٹ بورڈ نے ڈومیسٹک کرکٹ سال 2018--19 کے لئے انٹر ریجنل قومی انڈر۔19ون ڈے چیمپئن شپ کے ڈراز کا اعلان کر دیا ہے۔ ایونٹ کا آغاز یکم اگست سے ہو گا۔ٹیم میں شامل ریجنز کی ٹیموں کو دو گروپوں میں تقسیم کیا گیا ہے۔ گروپ اے میں کراچی ریجن وائٹس، لاہور ریجن وائٹس، فاٹا ریجن، کوئٹہ ریجن، فیصل آباد ریجن ، اے جے کے ریجن، اسلام آباد ریجن اور راولپنڈی ریجن شامل ہیں، گروپ بی میں کراچی ریجن بلیوز، لاہور ریجن بلیوز، ایبٹ آباد ریجن، پشاور ریجن، سیالکوٹ ریجن، ملتان ریجن، بہاولپور ریجن اور لاڑکانہ ریجن کو رکھا گیا ہے۔ گروپ اے کے میچ راولپنڈی اسلام آباد کی گراؤندز میں جبکہ گروپ بی کے میچ کراچی کی مختلف گراؤنڈز میں کھیلے جائیںگے۔ایونٹ کے سیمی فائلز 26اگست کو جبکہ فائنل میچ 28اگست کو کھیلا جائیگا۔ پاکستان کرکٹ بورڈ نے آئندہ ڈومیسٹک سیزن میں انٹر نیشنل کرکٹ کونسل کے نئے قوانین کو لاگو کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے ۔ ذرائع کے مطابق نئے قوانین کے تحت فیلڈ امپائروں کو زیادہ بااختیار بنایا جائے گا۔ میچ کے دوران کھلاڑیوں کو بد تمیزی یا قوانین کی خلاف ورزی پر میدان میں ہی پہلے وارننگ دی جائے گی ۔ دوبارہ غلطی دہرانے پر فیلڈ امپائر کھلاڑیوں کو سزا کے طور پر میدان بدر کر سکیں گے ۔ کھلاڑیوں کو میچ کے دوران دس اوورز تک میدان سے باہر بٹھانے کی سزا دی جاسکے گی ۔ نئے قوانین پر عملدرآمد کا مقصد کھلاڑیوں کو انٹر نیشنل کرکٹ کیلئے تیار کرنا ہے تاکہ کسی بھی انٹر نیشنل سیریز میں وہ غلطیاں نہ کرسکیں ۔ ڈومیسٹک سیزن میں پہلے کئی کھلاڑیو ں کے قوانین کی خلاف ورزی اور بد تمیری کے واقعات سر زد ہوچکے ہیں ۔ پاکسان کرکٹ بورڈ نے اس بار کھلاڑیوں کو ایسے کھلاڑیوں کو سخت سزائیں دینے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ کھیل میں کسی کے ساتھ نرمی نہ برتی جاسکے ۔