پودے لگاناصدقہ جاریہ ، ماحول کو خوشگوار بنانے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں: رانا ارشد
قصور(نمائندہ نوائے وقت)ڈپٹی کمشنر قصور رانا محمد ارشد نے ڈی سی کمپلیکس کے لان میں پودا لگا کر مون سون کی شجر کاری مہم کا افتتاح کردیا ہے ۔اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو چوہدری محمد ارشد ‘ اسسٹنٹ کمشنر قصور رابعہ مودودی ‘ڈپٹی ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ سید نوید اقبال ‘ڈی ایف او عمران ستار ‘ایس ڈی ایف او ز معظم سعید ‘آغا حسین شاہ ‘ ضلعی افسران اور دیگر نے شرکت کی ۔اس موقع پر محکمہ جنگلات کے افسران نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ مون سون کی شجر کاری مہم کے دوران ضلع بھر میں مجموعی طور پر8لاکھ پودے لگائے جائینگے ۔ ۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر رانا محمد ارشد نے کہا کہ پودے لگانا نہ صرف صدقہ جاریہ ہے بلکہ یہ ماحول کو خوشگوار بنانے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں اس لئے ہم سب کا یہ فرض ہے کہ آنے والی نسلوں کو آلودگی سے پاک ماحول فراہم کرنے کیلئے زیادہ سے زیادہ درخت لگائیں ۔ انہوں نے واضح کیا کہ زیادہ سے زیادہ درخت لگا کر ہی ہم خوشحال اور سرسبز پاکستان کا خواب پورا کر سکتے ہیں ۔انہوں نے باالخصوص کسان بھائیوں سے اپیل کی کہ وہ اپنی زمینوں پر زیادہ سے زیادہ درخت لگائیں اور ماحول کو سرسبز بنانے کیلئے اہم کردار ادا کریں ۔ ڈی سی نے محکمہ جنگلات کے افسران کو ہدایت کی کہ وہ نہروں ‘دریائوں اور سڑکوں کے کناروں پر زیادہ سے زیادہ درخت لگائیں ۔